پاکستان
Time 23 فروری ، 2018

تاپی گیس پائپ لائن منصوبے سے خطے میں خوشحالی آئے گی: وزیراعظم


سرحت آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ترکمانستان۔افغانستان۔پاکستان۔بھارت (تاپی) گیس پائپ لائن منصوبہ خطے کے قدیم روابط بحال ہونے کا تاریخی موقع ہے اور منصوبے سے خطے میں مجموعی طور پر خوشحالی آئے گی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ترکمانستان کے شہر سرحت آبات میں تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ منصوبے کو حقیقت میں بدلنے پر تاپی ممالک کے شکرگزار ہیں۔

تقریب میں ترکمانستان کے صدر، افغان صدر اشرف غنی اور بھارتی وزیر مملکت برائے خارجہ ایم جے اکبر بھی شریک تھے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ انرجی کوریڈور میں گیس، ریل، روڈ اور مواصلات کا نظام شامل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا بھرکے تاجروں کو سرمایہ کاری کے محفوظ مواقع فراہم کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) حقیقت کا روپ دھار چکی ہے اور گوادر بندرگاہ وسطی ایشیا سمیت خطے کے ملکوں کو سہولت فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بہت سے اقتصادی چلینجز پر قابو پالیا ہے، پاکستان میں گیس کی کمی پر قابو پالیا گیا ہے اور ملک میں گزشتہ چار سال میں بجلی کی پیداوار میں 10 ہزار میگاواٹ سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

وزیراعظم کی ترکمانستان کے صدر سے ملاقات

اس سے قبل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ترکمانستان کے شہر میری میں ترکمان صدر قربان محمدوف سے ملاقات کی۔

 وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، ترکمانستان کے شہر میری میں ترکمان صدر قربان محمدوف سے ملاقات کے موقع پر—۔ فوٹو/ اے پی پی

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون، توانائی، تجارت اور اقتصادی راہداری کے حوالے سے تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور علاقائی سیکیورٹی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں ایک نئے باب کا اضافہ کرے گا۔

تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ

10 ارب ڈالر مالیت کے اس منصوبے کے تحت 1800 کلومیٹر طویل پائپ لائن کے ذریعے ترکمانستان سے قدرتی گیس افغانستان، پاکستان اور بھارت کو فراہم کی جائے گی۔

توقع ہے کہ یہ منصوبہ 2019 میں مکمل ہوگا جس سے پاکستان کو یومیہ 1325 ملین مکعب فٹ قدرتی گیس حاصل ہوگی۔

مزید خبریں :