24 فروری ، 2018
کراچی: وزیر داخلہ سندھ نے شارع فیصل پر شہری کی کھلے عام ہوائی فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔
کراچی کے رہائشی نوجوان نے شہر کی اہم ترین سڑک شارع فیصل پر رات کے اوقات میں کھلے عام فائرنگ کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی تھی۔
نوجوان نے ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چیلنج کیا اور اس دوران اپنا نام ’عدنان پاشا‘ بتایا۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کرنے والا نوجوان رینٹ اے کار کا کام کرتا ہے۔
نوجوان کی ویڈیو میڈیا پر آنے کے بعد وزیر داخلہ سندھ نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ کو فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔
وزیر داخلہ سندھ نے حکم دیا کہ ملزم کو فوری گرفتار کرکے اس کے خلاف تحقیقات کی رپورٹ بھی ارسال کی جائے۔
دوسری جانب آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران کو شہری کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا تھا تاہم ابھی یہ ایکشن ہوا ہی تھا کہ عدنان پاشا کی ایک اور ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔
عدنان پاشا کے مطابق اس نے فائرنگ جذبات میں آکر کی تاہم صفائی کے دوران اس نے نہ تو اپنے والد کے قتل کے حوالے سے تفصیلات بتائیں اور نہ ہی اس بات کا ذکر کیا کہ قتل کے بعد یہ بات اس نے یا اس کے اہل خانہ نے پولیس کو بتائی تھی یا نہیں۔