05 مارچ ، 2018
دی نیوز کے صحافی عمر چیمہ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا بشریٰ بی بی سے نکاح یکم جنوری کو ہوا اور اس وقت خان صاحب کی اہلیہ عدت میں تھیں۔
عمر چیمہ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کی عدت کو چھپانے کے لیے 18 فروری کو تصاویر جاری کی گئیں اور اس جھوٹ کو چھپانے کے لیے عمران خان کو نکاح خواں کو خاموش رکھنے کا چیلنج درپیش تھا اسی لیے انہوں نے نکاح خواں مفتی سعید سے اپیل کی کہ وہ میڈیا پراس حوالے سے کوئی بیان نہ دیں۔
دی نیوز کے سینیئر صحافی کی رپورٹ کے مطابق عمران خان نے مفتی سعید سے کہا کہ آپ کو ہر حال میں میرے وقار کو بحال رکھنا ہے جس پر مفتی سعید بولے کہ عمران انہیں جواب دینے سے نہ روکیں کیوں کہ وہ رازداری کی بات تو مان ہی چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک موقع پر بشریٰ بی بی کی معتمد خاص فرح جبیں نے راز کو راز رکھنے پر عمران خان سے مفتی سعید کی تعریف کی جس پر عمران خان فخر سے بولے کہ آخر وہ ہمارے مفتی صاحب ہیں۔
اس حوالے سے بشریٰ بی بی کی قریبی دوست اور ان کے نکاح میں شریک فرح جبین سےرابطہ کیا گیا تو انہوں نےکسی تبصرے سے انکار کردیا۔
واضح رہے کہ فرح جبین نکاح کے اصل دن یعنی یکم جنوری 2018 اورمیڈیا کے لیے تصاویر جاری کرنے والے دن یعنی 18فروری 2018 کو ہونیوالی دونوں تقاریب میں موجود تھیں۔
اگر سچ بتا دیا تو بڑا ڈرامہ ہوجائے گا، مفتی سعید کا قریبی لوگوں سے خدشے کا اظہار
عمر چیمہ کے مطابق مفتی سعید نے قریبی لوگوں سے خدشے کااظہار کیاکہ اگر وہ سچ بتا دیں تو بڑا ڈرامہ ہوجائے گا، وہ کیسے بتا سکتےہیں کہ انہوں نےعدت کے معاملے میں جوڑے پر یعنی عمران اور بشریٰ بی بی پر اندھا بھروسہ کیا۔
مفتی سعید کے مطابق انہیں عدت کے معاملے میں اندھیرے میں رکھا گیا۔
اس بارے میں دی نیوز نے مفتی سعید سے رابطہ کیا تو ایک بار پھر انہوں نے نا تردید کی اور نا تصدیق بلکہ بضد رہے کہ وہ شادی کے معاملے پر کوئی بات ہی نہیں کرینگے۔
’بشریٰ بی بی کو طلاق 14 نومبر 2017 اور ان کی عدت 14 فروری 2018 کو مکمل ہوئی‘
مانیکا فیملی ذرائع بتاتے ہیں کہ طلاق 14 نومبر کو ہوئی جس کی تصدیق فرح جبین نے بھی کی اور بتایا کہ عدت 14فروری کو مکمل ہوئی ۔
رپورٹ میں مفتی سعید کے حوالے سے لکھا گیا ہے کہ نکاح کے فوراً بعد عمران خان نےجہانگیر ترین کو فون کر کے کہا کہ انہوں نے نکاح اس لیے کیا تاکہ ترین اگلا الیکشن جیت جائیں۔
تاہم جہانگیر ترین نے کسی بھی کوئی ٹیلی فونک بات چیت کی تردید کی اور کہا کہ عمران خان نے میسج کیاتھا جس میں الیکشن کا کوئی ذکر نہیں تھا۔
دعوت ولیمہ میں عمران خان نے بشریٰ بی بی کی ملاقات جہانگیر ترین سے کروائی تو بشریٰ بی بی نے وضاحت کی کہ ’’وہ بتانا چاہتی ہیں کہ وہ کوئی جادوگرنی نہیں ہیں‘‘۔
جہانگیر ترین نے اس بارے میں سوال پر کہا کہ نجی بات چیت کے بارے میں پوچھنامناسب نہیں اور وہ ایسی کسی بات کی تردید کرتے ہیں۔