Time 07 مارچ ، 2018
کھیل

بھارتی کرکٹر محمد شامی کی اہلیہ نے شوہر پر تشدد اور دھوکہ دینے کا الزام لگادیا

نئی دلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد شامی کی اہلیہ ہاسن جہاں نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے شوہر اور سسرالی انہیں تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرکٹر کی اہلیہ ہاسن جہاں نے 27 سالہ محمد شامی پر سنگین الزامات لگائے ہیں، ہاسن کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ دورہ افریقا سے واپسی پر محمد شامی نے انہیں مبینہ طور پر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

ہاسن جہاں نے مزید کہا ان کے شوہر اور سسرالیوں کی جانب سے گزشتہ دو سال سے زد و کوب کیا جارہا ہے لیکن اب بہت ہوچکا ہے۔

ہاسن کے مطابق انہوں نے خاموش رہنے کی بہت کوشش کی اور شوہر کی غلطیاں بھی برداشت کیں لیکن محمد شامی نے دھمکیاں دینا شروع کردی تھیں اس کے باوجود اپنے خاندان اور بیٹی کی خاطر سب کچھ سہتی رہی۔

ہاسن نے الزام عائد کیا کہ محمد شامی انہیں دھوکہ دے رہے تھے اور مختلف لڑکیوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر نازیبا گفتگو کیا کرتے تھے جن کے ثبوت موجود ہیں۔


ہاسن نے کہا کہ انہوں نے دستیاب ثبوت کی بنیاد پر اپنے شوہر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب کرکٹر محمد شامی نے اس حوالے سے سماجی رابطہ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ان کی ذاتی زندگی سے متعلق جتنی بھی خبریں گردش کر رہی ہیں وہ سب جھوٹ پر مبنی اور سازش ہیں۔

شامی نے لکھا کہ یہ انہیں بدنام کرنے کی سازش ہورہی ہے اور ان کا کھیل خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ 

مزید خبریں :