دنیا
Time 07 مارچ ، 2018

ایمازون کے جیف بیزوس دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے

فوربزمیگزین کی جانب سے 2018 کے دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست جاری کر دی گئی ہے جس میں ایمیزون ڈات کام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیف بیزوس نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

امریکی جریدے فوربزکی جانب سے دنیا کے 72 ممالک کے 2208 ارب پتی افراد کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں پہلی بار زمبابوے اور ہنگری کے امیر ترین افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں امریکا سرفہرست ہے جس کے ارب پتی افراد کی تعداد 585 ہے جبکہ دوسرا نمبر چین کا ہے جس کے 373 افراد ارب پتی افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔

فوربزکے مطابق ایمیزون ڈاٹ کام کے سی ای او جیف بیزوس پہلی بار دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گئے ہیں جن کی کے اثاثوں مجموعی مالیت 112 ارب ڈالر یعنی125کھرب روپے بنتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک سال کے دوران جیف بیزوس کی آمدنی میں 39 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جو کسی بھی شخص کی آمدن میں ایک سال کے دوران سب سے زیادہ اضافہ ہے۔

گزشتہ کئی سالوں تک دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز پانے والے مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس اس بار دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں جن کے کل اثاثوں کی مالیت 90 ارب ڈالر یعنی 100 کھرب روپے بنتی ہے۔

فوربز میگزین کے مطابق 2001 کے بعد یہ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والے افراد کے اثاثوں کی مالیت میں سب سے بڑا فرق ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک کے سی ای او مارک زکر برگ اس فہرست میں 71 ارب ڈالر مالیت اثاثوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں بھارت کے مکیش امبانی 45 کھرب کے ساتھ 19 نمبر پر ہیں۔ اس کے علاوہ اس فہرست میں پاکستانی نژاد امریکی شاہد خان بھی شامل ہیں جو 8 کھرب روپے کے اثاثوں کے ساتھ 217 ویں امیر ترین شخص ہیں۔

مزید خبریں :