11 مارچ ، 2018
ممبئی: بالی وڈ کی بہنوں کی مشہور جوڑی کرشمہ اور کرینہ کپور نے فلم نگری میں اقرباء پروری کی تردید کی ہے۔
حال ہی میں کرینہ اور کرشمہ کپور نے انڈیا ٹو ڈے 2018 کی تقریب کے ایک سیشن میں شرکت کی جہاں دونوں سے بھارتی صحافی راج دیپ سردیائی نے گفتگو کی۔
اس دوران کرینہ کپور نے کہا کہ بالی وڈ فلم نگری میں اقرباء پروری نہیں ہے، ایک اداکار خود اپنی محنت اور صلاحیتوں کی بدولت بڑا اسٹار بنتا ہے۔
کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ اس کی مثال آج کے سپر اسٹار رنویر سنگھ ہیں جن کے خاندان کا پس منظر فلم نگری سے نہیں۔
اداکارہ کرشمہ کپور نے بھی کرینہ کپور کی بات سے اتفاق کیا اور کہا کہ ایسے کئی سینئر سپر اسٹار ہیں جن کے بچے فلم نگری میں کامیابی حاصل نہیں کر سکے، اگر اقرباء پروری ہوتی تو سپر اسٹار کے بچے سپر اسٹار ہی بنتے۔
کرشمہ کا کہنا تھا کہ اگر آپ کا بیک گراؤنڈ فلمی گھرانے سے ہے تو پھر ذمہ داری اور بڑھ جاتی ہے ایسی صورت میں دگنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانا پڑتا ہے۔
اس دوران دونوں اداکاراؤں نے کنگنا رناوت کے اقرباء پروری کے نظریے پر کہا کہ سب کو اپنی اپنی رائے کا حق حاصل ہے ۔
واضح رہے کہ کنگنا رناوت نے گزشتہ برس فلمساز کرن جوہر کے شو ’کافی ود کرن‘ میں انہیں اقرباء پرور قرار دیا تھا جس کے بعد فلم نگری میں ایک نئی بحث کا آغاز ہوگیا تھا۔
اس تقریب میں سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے بھی شرکت کی جن کے ساتھ کرینہ کپور اور کرشمہ کپور نے ایک تصویر بھی لی۔