Time 13 مارچ ، 2018
انٹرٹینمنٹ

1000 کروڑ روپے کے اثاثے: کیا جیا بچن امیر ترین بھارتی رکن اسمبلی ہوں گی؟

جیا بچن—.فائل فوٹو

بالی وڈ کی معروف اداکارہ اور سیاسی جماعت سماج وادی پارٹی سے وابستہ جیا بچن نے راجیا سبھا کی امیدوار کی حیثیت سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروادیئے، جن میں ظاہر کیے گئے ان کے اثاثوں کی مالیت ایک ہزار کروڑ روپے ہے۔

بھارتی نیوز ویب سائٹ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق گزشتہ روز جیا بچن نے بھارتی ریاست اتر پردیش سے راجیہ سبھا (ریاستی اسمبلی) کی امیدوار کی حیثیت سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، جن میں ان کے اور ان کے شوہر امیتابھ بچن کے اثاثوں کی مالیت ظاہر کی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ اور جیا بچن کے اثاثوں میں گزشتہ 6 برس کے دوران دگنا اضافہ ہوا ہے۔

جیا بچن کی جانب سے داخل کیے گئے ایفی ڈیوٹ کے مطابق وہ اور ان کے شوہر تقریباً 460 کروڑ روپے کی املاک (immovable assets) کے مالک ہیں جبکہ 2012 میں ان کے پاس 152 کروڑ روپے کی جائیداد تھی۔

دوسری جانب ان کے دیگر اثاثوں (movable assets) کی مالیت 540 کروڑ روپے ہے جو 2012 میں 343 کروڑ روپے تھی۔

جیا بچن کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات کے مطابق اس جوڑی کے پاس موجود طلائی زیورات کی قیمت مجموعی طور پر 62 کروڑ روپے ہے۔

 ان میں امیتابھ بچن کے پاس موجود سونے کی چیزوں کی قیمت 36 کروڑ اورجیابچن کے پاس موجود زیورات کی قیمت 26 کروڑ روپے ہے۔

بچن خاندان—.فائل فوٹو

بچن خاندان کے پاس 12 مہنگی گاڑیاں ہیں جن کی قیمت 13 کروڑ روپے ہے۔

امیتابھ بچن کو گھڑیوں کا بہت شوق ہے جس کا اندازہ اس بات سے ہوتا ہے کہ دونوں کے پاس موجود گھڑیوں کی قیمت 3 کروڑ 4 لاکھ روپے ہے ۔

بالی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ کے پاس موجود پین کی قیمت بھی 9 لاکھ روپے ہے۔

 امیتابھ اور جیا بچن کے نام پر ممبئی، دہلی، نوئیڈا، بھوپال، پونے، احمد آباد اور گاندھی نگر کے علاوہ فرانس میں بھی جائیداد موجود ہے جس کی قیمت کروڑوں میں ہے۔

ایک بھارتی ویب سائٹ کے مطابق امیتابھ بچن اور جیا بچن کے بھارت اور بیرون ملک 19 بینک اکاؤنٹس ہیں اور انہوں نے بینکوں سے تقریباً 100 کروڑ کا قرض بھی لے رکھا ہے۔

مزید خبریں :