Time 22 مارچ ، 2018
دنیا

'شہزادہ چارلس موت کے بعد لیڈی ڈیانا کو دیوی جیسا درجہ ملنے پر ناخوش تھے'

لیڈی ڈیانا (بائیں) ، شہزادہ چارلس اور کمیلا پارکر (دائیں) 2005 میں اپنی شادی کے موقع پر—۔فائل فوٹو

لندن: برطانوی شاہی خاندان سے متعلق ایک کتاب میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ برطانوی شہزادہ چارلس نے کمیلا پارکر کے ساتھ مل کر موت کے بعد سابق اہلیہ لیڈی ڈیانا کو ذہنی طور پر غیر متوازن ثابت کرنے کی کوشش کی۔

ڈیلی میل پر سلسلہ وار شائع ہونے والی برطانیہ کے شاہی خاندان کی محلاتی سازشوں اور آپس کی رسہ کشی کے دعووں پر مبنی کتاب Rebel Prince: The Power and Passion and Defiance of Prince Charles میں مصنف ٹام باور نے دعویٰ کیا کہ لیڈی ڈیانا کو بعد از موت دیوی جیسا مقام ملنے پر شہزادہ چارلس ناخوش تھے۔

مصنف کے مطابق موت کے بعد انہوں نے کمیلا پارکر کے ساتھ مل کر لیڈی ڈیانا کو ایسا ظاہر کرنے کی کوشش کی جیسے انہوں نے اولیول بھی نہ کیا ہو۔

واضح رہے کہ پرنس چارلس کی پہلی شادی لیڈی ڈیانا سے ہوئی تھی، جو برقرار نہ رہ سکی، جس کی وجہ لیڈی ڈیانا نے پرنس چارلس کی محبوبہ کمیلا پارکر کو قرار دیا۔

اگست 1997 میں لیڈی ڈیانا پیرس میں ایک کار حادثے میں انتقال کرگئیں، جس کے بعد 2005 میں پرنس چارلس اور کمیلا پارکر نے شادی کرلی۔

کتاب کے مطابق کمیلا پارکر نے اپنا امیج بہتر کرنے کے لیے نیویارک کا دورہ کیا اور میڈیا کو مثبت خبریں فیڈ کی گئیں۔

ملکہ برطانیہ، شہزادہ چارلس اور کمیلا پارکر کا تعلق پسند نہیں کرتی تھیں—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی

کتاب میں ملکہ برطانیہ سے متعلق لکھا گیا ہے کہ وہ شہزادہ چارلس اور کمیلا پارکر کا تعلق پسند نہیں کرتی تھیں اور شہزادہ چارلس کی کمیلا سے شادی کے روز ملکہ نے دلہن سے بات کرنے سے بھی انکار کردیا تھا۔

کتاب میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہےکہ ایک موقع پر ملکہ برطانیہ نے کمیلا پارکر کو 'بری عورت' بھی قرار دیا۔

شہزادہ چارلس سے متعلق مصنف نے لکھا کہ وہ خود ترسی کا شکار اور تندمزاج ہیں اور جب بھی سفر کرتے ہیں تو اپنے ساتھ خانساماں، خدمتگار، باورچی، سیکریٹری، ٹائپسٹ اور محافظ بھی ساتھ لےکر جاتے ہیں۔

مزید خبریں :