پاکستان کا طویل القامت شخص مشکل ترین زندگی گزارنے پر مجبور


لمبے قد کی خواہش سب کو ہوتی ہے لیکن جب یہی قد ایک حد سے آگے نکل جائے تو اُٹھنا، بیٹھنا اور لیٹا ہی نہیں بلکہ زندگی کا ہر کام ایک چیلنج بن جاتا ہے۔

پاکستان میں ایک شخص ایسا بھی ہے جس کا شمار دنیا کے دنیا کے چند دراز قد انسانوں میں ہوتا ہے۔

اسے آپ نے کبھی نہ کبھی دیکھا بھی ہو گا مگر آج کل وہ شخص اپنے لمبے قد کی وجہ سے مشکلات میں گھرا ہوا ہے۔

سات فٹ 9 انچ کے نصیر سومرو 1999 میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں دنیا کے سب سے طویل القامت انسان ہونے کا اعزاز اپنے نام کروا چکے ہیں۔

نصیر سومرو ریلوے اسٹیشن سے باہر آ رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

نصیر سومرو کو اپنے قد کی وجہ سے شہرت بہت ملی تاہم اس چھوٹے سے گھر میں زندگی گزارنا ان کے لیے کڑے امتحان سے کم نہیں ہے۔

ایک وقت تھا جب نصیر اپنی انفرادیت کے سبب ایک شہر سے دوسرے شہر اور ایک ملک سے دوسرے ملک بلائے جاتے تھے مگر اب گزشتہ کچھ برس سے صحت کے مسائل نے انہیں اپنے گھر تک محدود کر دیا ہے۔

اس بڑے قد کے آدمی کا گھر بہت چھوٹا ہے، کھڑے ہوتے ہیں تو پنکھا تنگ کرتا ہے۔ لیٹتے ہیں تو پاؤں بستر سے باہر نکل جاتے ہیں، چلتے وقت جگہ جگہ جھکنا اور رُکنا پڑتا ہے۔ جوتوں سے لیکر کپڑوں تک ہر چیز آرڈر پر بنوانی پڑتی ہے جو محدود آمدنی میں آسان نہیں۔

پی آئی اے کے ملازم نصیر سومرو کی ایئرپورٹ پر موجود لوگوں کے ساتھ تصویر۔ فوٹو: فائل

حتیٰ کہ نصیر سومرو نے سفر کے لیے گاڑی بھی خصوصی طور پر تیار کروائی ہے۔

نصیرسومرو پی آئی اے کے ا یئر ٹریفک کنٹرول ڈپارٹمنٹ میں ملازمت کرتے ہیں، اپنےقد کی وجہ سے وہ 20 سے زائد ممالک کے دورے بھی کر چکے ہیں۔

طویل القامت نصیر سومرو کی ایک تصویر۔ فوٹو: فائل

کئی ملکوں سے پرآسائش زندگی کی پیشکشیں بھی ہوئیں مگر انہوں نے ٹھکرا دیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پوری دنیا میں پاکستان سے اچھا کوئی ملک نہیں ہے۔

شکار پور سے تعلق رکھنے والے نصیر سومرو بیماری کی وجہ سے بہت پریشان ہیں، بہن بھائیوں کی ذمے داریاں بھی ان کے کاندھوں پر ہیں مگر ان کی جسمانی حالت ایسی ہو گئی ہے کہ آمدنی کا زیادہ تر حصہ ان کے علاج اور دواؤں پر لگ جاتا ہے۔

پاکستان کے طویل القامت شخص کو حکومتی امداد کی کوئی خواہش نہیں مگر اس کے باوجود دھرتی کا یہ منفرد سپوت اس بات کا حق رکھتا ہے کہ حکومت اور سماجی تنظیمیں آگے آئیں اور اس کی مشکلات کو اس کے قد سے اونچا نہ ہونے دیں۔

مزید خبریں :