Time 01 اپریل ، 2018
پاکستان

بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے نوجوان کشمیری نسل ختم کرنے کے درپے ہے، خواجہ آصف

کشمیری لاشیں گن رہے ہیں اور جوان جنازے اٹھا رہے ہیں، خواجہ آصف۔ فوٹو: فائل

وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے نوجوان کشمیری نسل کو ختم کرنے کے درپے ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے اسلام آباد اور شوپیاں اضلاع میں سرچ آپریشن کے نام پر بربریت کا مظاہرہ کیا اور فائرنگ کر کے 17 کشمیری نوجوانوں کو شہید اور 100 سے زائد کو زخمی کر دیا۔

وزیر خارجہ خواجہ آصف نے اپنے بیان میں بھارتی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی جاری ہے اور وادی کو خون میں نہلا دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے 2 اضلاع میں آج 20 کے قریب کشمیریوں کوشہید کیا گیا، بھارتی قابض فوج نے 300 کشمیریوں کو زخمی اور5 گھروں کو تباہ بھی کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں درجنوں بیٹے شہید کر دیئے گئے ہیں، کشمیری لاشیں گن رہے ہیں اور جوان جنازے اٹھا رہے ہیں جب کہ بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیری نوجوان نسل کو ختم کرنے کے درپے ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کا خون عالمی ضمیر کو جنجھوڑ رہا ہے اور پاکستان اس آزمائش میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

مزید خبریں :