05 اپریل ، 2018
ممبئی: نایاب ہرن کے شکار کیس میں سزا پانے والے بالی وڈ اداکار سلمان خان کو جس جیل میں رکھا گیا ہے اس میں پہلے ہی خطرناک قیدی موجود ہیں۔
52 سالہ اداکار سلمان خان کو جودھ پور کی سینٹرل جیل کی بیرک نمبر ایک میں رکھا گیا ہے جہاں اداکار کو قید کرنے سے قبل انتظامات مکمل کیے گئے۔
سینٹرل جیل جودھ پور میں سلمان خان کو قتل کی دھمکیاں دینے والے قیدی سمیت دیگر خطرناک مجرم قید ہیں تاہم اداکار کی سیکیورٹی کے لئے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔
جودھ پور کی جیل میں بدنام زمانہ گینگسٹر لارینس بشنوئی بھی قید ہے اور یہ وہی گینگسٹر ہے جس نے سلمان خان کو قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔
جیل میں بھارت کے مشہور ریپ کیس کے ملزم گاڈ مین آسام رام بھی قید ہیں جن کے مقدمے کے تین گواہ مارے جاچکے ہیں اور تین اب تک لاپتہ ہیں۔
جیل میں شمبو لعل ریگر بھی قید ہے جو ایک مسلمان مزدور کو کلہاڑیوں کے وار سے قتل کرنے کے بعد بلاخوف اس کا اعتراف بھی کرچکا ہے جب کہ شمبو لعل مسلمانوں کا بھارت میں خاتمے کا بھی بھی ہے۔
یاد رہے کہ جودھ پور کی مقامی عدالت نے نایاب 2 کالے ہرن کے شکار کے 20 سالہ پرانے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے سلمان خان کو 5 سال کی سزا کا حکم سنایا تھا۔