06 اپریل ، 2018
نئی دلی: چینی ہیکرز نے بھارت وزارت دفاع سمیت کئی اہم وزارتوں کی ویب سائٹس ہیک کر لیں۔
ہیکنگ کے بعد بھارتی وزارت دفاع کی ویب سائٹ کھولنے پر ایک چینی لفظ لکھا نظر آیا جس پر مطلب ’ہوم‘ تھا جب کہ اس کے ساتھ پیغام میں ’ٹرائی اگین لیٹر‘ یعنی بعد میں کوشش کریں لکھا تھا۔
اس معاملے پر بھارتی وزیر دفاع نرملا سدھارامن نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ہیکنگ کے حوالے سے مناسب کارروائی کی جا رہی ہے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔
بھارتی نشریاتی ادارے ٹائمز ناؤ نے حکومتی ذرائع پر انتہائی غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دفاعی ویب سائٹ کی سیکیورٹی مؤثر نہ ہونے کے باعث چین نے ویب سائٹ ہیک کی۔
چینل کے مدیر برائے قومی معاملات سنجوائے چوہدری نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وزارت دفاع کی ویب سائیٹ چین نے ہیک کی اور اس کے لئے وقت وہ چنا گیا جب بھارت نے اپنے 110جنگی طیاروں سے متعلق معلومات ویب سائٹ پر ڈالیں۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارتی وزارت دفاع کی ویب سائٹ پر حملے کے کچھ ہی دیر کے بعد وزارت قانون، وزارت داخلہ کی ویب سائٹس بھی ڈاؤن ہو گئیں جس کا الزام بھی چینی ہیکرز پر عائد کیا جا رہا ہے۔