08 اپریل ، 2018
اسلام آباد: غیرملکی سفارت کار کی گاڑی کی ٹکر ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق غیرملکی سفارتکار کی گاڑی نے دامن کوہ کے قریب موٹرسائیکل کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت عتیق بیگ کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ غیرملکی سفارت خانے کے ڈیفنس ائیر اتاشی خود گاڑی چلا رہے تھے اور گاڑی کو تھانہ کوہسار منتقل کر دیا گیا ہے تاہم سفارتی استثنیٰ کے باعث گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کو پمز اسپتال منتقل کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور سفارت خانے کو بھی حادثے کی اطلاع کر دی گئی ہے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آچکی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سفارتکار نے سگنل بند ہونے کے باوجود گاڑی نہیں روکی۔
دوسری جانب عتیق کے والد کا کہنا تھا کہ ہماری کسی کے ساتھ دشمنی نہیں، بس انصاف ہونا چاہیے، حکومت یا سفارت خانے والوں میں سے کسی نے رابطہ نہیں کیا لیکن قانونی کارروائی کا فیصلہ برادری سے صلاح مشورے کے بعد کریں گے۔
ایف آئی آر درج
تھانہ کوہسار میں درج مقدمے کے مطابق سفارتکار نے سگنل کی خلاف ورزی کرتے ہوئے موٹرسائیکل کو ٹکر ماری، موٹر سائیکل سوار عتیق بیگ اپنے کزن کے ہمراہ ایف ایٹ سے مارگلہ روڈ کی طرف آرہا تھا کہ دامن کوہ چوک پر سفید رنگ کی گاڑی نے سرخ سگنل توڑتے ہوئے کچل ڈالا۔
حادثے میں عتیق موقع پر جاں بحق اور کزن راحیل شدید زخمی ہوا، گاڑی غیرملکی سفارتخانے میں تعینات ائیر ڈیفنس اتاشی کرنل جوزف چلارہے تھے اور حادثہ گاڑی ڈرائیور کی تیز رفتاری، غفلت اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق واقعہ ہفتہ 7 اپریل کو سہ پہر 3 بجے پیش آیا ۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے بھی اسلام آباد میں ہونے والے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزارت خارجہ اس معاملے کو دیکھ رہی ہے اور اس حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔