26 اپریل ، 2018
اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کا کہنا ہےکہ وہ قوم کے سامنے سرخرو اور سیالکوٹ کے عوام کو 32 سال بعد گاڈ فادر سے نجات دلائی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ ’اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں، قوم اور سیالکوٹ کی عوام کے سامنے سرخرو ہوا ہوں، عوام اور بالخصوص پی ٹی آئی کے تمام کارکنان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’سیالکوٹ کے عوام کو 32 سال بعد گاڈ فادر سے نجات دلائی، اگر عمران خان نہیں ہوتے تو اس کیس کو منطقی انجام تک نہ پہنچا پاتا‘۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ’میرے وکیل سکندر بشیر نے بہت زبردست کیس لڑا، عدلیہ کو بھی اس زبردست فیصلے پر سلام پیش کرتا ہوں‘۔
عثمان ڈار نے کہا کہ ’خواجہ آصف کو پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ میں عمران خان کا سپاہی ہوں، کہا تھا نہ ڈروں گا نہ جھکوں گا، مقابلہ کروں گا اور مقابلہ کرکے دکھایا‘۔
ان کا کہنا تھاکہ ’یہ وہی خواجہ آصف ہے جنہوں نے پارلیمنٹ میں میرے لیڈر عمران خان کے خلاف توہین آمیز جملے بولے، اسی دن فیصلہ کرلیا تھا کہ خواجہ آصف کو ہمیشہ کے لیے پارلیمنٹ سے اٹھا کر باہر پھینک دوں گا، خواجہ آصف اور نوازشریف قومی مجرم ہیں‘۔