Geo News
Geo News

Time 29 اپریل ، 2018
انٹرٹینمنٹ

سونم کپور کا ممبئی میں گھر سجائے جانے پر شادی کی چہ مگوئیاں ہونے لگیں

سونم کپور کا گھر شادی کے لیے سج گیا—.فائل فوٹو

ممبئی: بالی وڈ کی خوبرو اداکارہ اور انیل کپور کی صاحبزادی سونم کپور کی ممبئی میں رہائشگاہ برقی قمقموں اور لائٹوں سے سجادیا گیا جس کے بعد اداکارہ کی شادی کی چہ مگوئیاں ہونے لگی ہیں۔ 

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سونم کپور کا گھر خوبصورت برقی قمقموں، لیمپ اور لائٹس سے سجا دیا گیا ہے جہاں سونم کپور کی شادی کے چرچے بھی ہو رہے ہیں۔

اداکارہ سونم کپور اور نہ ہی ان کی فیملی کی جانب سے شادی کی تصدیق کی گئی ہے تاہم ممبئی میں رہائشگاہ پر ہونے والی سرگرمیوں کے بعد مقامی میڈیا میں خبریں زیرگردش ہیں کہ آئندہ ماہ سونم کپور رشتہ ازدواج سے منسلک ہوجائیں گی۔

رپورٹ کے مطابق سونم کپور اور  ان کے قریبی دوست و فیشن ڈیزائنر آنند آہوجا کی شادی 7 یا 8 مئی کو ہوگی اور اسی سلسلے میں سونم کپور کے گھر کو سجادیا گیا ہے۔


رپورٹس کے مطابق شادی کے سنگیت کی تیاریاں معروف کوریو گرافر فرح خان کر رہی ہیں جس میں کرن جوہر اور فیشن ڈیزائنرز بھی شامل ہیں۔

گزشتہ روز تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے فرح خان اور کرن جوہر نے انیل کپور کے گھر کا  بھی دورہ کیا۔

تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے فرح خان اور کرن جوہر انیل کپور کے گھر پر موجود—.انڈین ایکسپریس فوٹو 

واضح رہے کہ اداکارہ نے چند روز قبل اپنی نئی آنے والی فلم ’ویر دی ویڈینگ‘ کے ٹریلر لاؤنچ پر میڈیا سے کہا تھا کہ وہ صحیح وقت پر اپنی شادی کا بتائیں گی۔

اداکارہ سونم کپور اپنے قریبی دوست و فیشن ڈیزائنر آنند آہوجا سے شادی کر رہی ہیں جن کے ساتھ انہیں گزشتہ دو برس سے مختلف تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا جا رہا تھا۔

مزید خبریں :