03 مئی ، 2018
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج آزادی صحافت کا دن منایا جارہا ہے۔
اقوام متحدہ کی جانب سے 3 مئی کو ہر سال آزادی صحافت کا دن منایا جاتا ہے جس کا مقصد صحافت کے بنیادی اصولوں کی موجودہ صورتحال پر اعتماد کا اظہار کرنا اور دنیا میں صحافت کی موجودہ صورتحال کی شکل کو پیش کرنا ہے۔
اس کے ساتھ ہی اس دن کو منانے کا مقصد صحافتی فرائض کے دوران قتل، زخمی یا متاثر ہونے والے صحافیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور انہیں خراج عقیدت و تحسین پیش کرنا ہے۔
ہر سال اس دن کی مناسبت سے اقوام متحدہ 2 روزہ کانفرنس منعقد کرتا ہے،رواں برس آزادی صحافت کا عالمی دن ’طاقت پر نظر: میڈیا، عدل اور قانون کی حکمرانی‘ کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے۔
2 روزہ کانفرنس میں میڈیا کے مسائل، سیاسی عمل کی شفافیت، عدالتی نظام اور قانون کی حکمرانی پر نظر ثانی کی جائے گی جب کہ کانفرنس میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا ہر آزادی اظہار رائے کے حوالے سے درپیش مسائل بھی زیر بحث آئیں گے۔
پاکستان میں بھی آج آزادی صحافت کا دن منانے کے لیے ریلیوں اور تقریبات کا انقعاد کیا گیا ہے تاکہ اُن صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے جو اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جان کی بازی ہار گئے۔
پاکستان میں گزشتہ برس 5 صحافیوں کو موت کے گھاٹ اتارا گیا، جبکہ مختلف صحافیوں پر سوشل میڈیا پر تنقیدی اظہار رائے کی وجہ سے بھی مقدمات درج کیے گئے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق رواں برس یکم مئی تک دنیا بھر میں 36 صحافی فرائض کی انجام دہی کے دوران ہلاک ہوئے جبکہ گزشتہ برس یہ تعداد مجموعی طور پر 82 تھی۔