کھیل

رنگت کی خرابی اور ہیٹ اسٹروک سے بے خوف پاکستان کی خواتین کرکٹرز

رنگت خراب ہونے اور ہیٹ اسٹروک سے بے خوف پاکستان کی خواتین کرکٹرز—.جیو نیوز اسکرین گریب

ملک کے بیشتر حصوں میں خشک اور گرم موسم کا راج ہے، لیکن پاکستان کی خواتین کرکٹرز شدید گرمی میں رنگت خراب ہونے اور ہیٹ اسٹروک کی پروا کیے بغیر اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر رہی ہیں۔

گذشتہ روز کراچی کے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری پی سی بی ویمن ٹی ٹوئنٹی کپ کے پانچویں میچ میں زرعی ترقیاتی بینک کی ٹیم نے ہائیر ایجوکیشن کی ٹیم کو 67 رنز سے شکست دی، جہاں ندا ڈار میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔

دونوں ویمن ٹیموں کی کھلاڑیوں نے سخت گرمی میں چہرے پر سن بلاک لگا کر اور نمکول پانی کا استعمال کرکے میچ کو مکمل کیا۔

خواتین کھلاڑیوں نے دھوپ سے بچنے کے لیے چہرے پر سن بلاک لگا کر کرکٹ کھیلی—.جیو نیوز اسکرین گریب

جیو نیوز سے گفتگو میں خواتین کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ والدین کی پہلے سوچ ہوتی تھی کہ بیٹیوں کی رنگت کا خیال کرنا ہے، انہیں باہر نہیں نکلنے دینا چاہیے، لیکن اب ان کی سوچ تبدیل ہوگئی ہے تو بیٹیوں کی بھی سوچ تبدیل ہوگئی ہے۔

کھلاڑیوں نے بتایا کہ ان کے فٹنس ٹیسٹ بھی اسی گرمی کے موسم میں ہوئے ہیں اور وہ اب اس پر توجہ نہیں دیتیں کہ گرمی ہے یا سردی۔

یشنل اسٹیڈیم میں جاری پی سی بی ویمن ٹی ٹوئنٹی کپ کے پانچویں میچ کا ایک منظر —.جیو نیوز اسکرین گریب

ان باہمت کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ گرمی سے ہم بھی پریشان ہیں لیکن پروفیشنلزم یہی ہے کہ ہم اپنے آپ کو ثابت کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گراؤنڈ میں ہمارے ذہن میں ایک ہی بات چل رہی ہوتی ہے کہ رنز بنانے ہیں، رنز روکنے ہیں اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے۔


مزید خبریں :