Time 08 مئی ، 2018
انٹرٹینمنٹ

کونسی فلم نے اس ہفتے زیادہ بزنس کیا؟

— فوٹو: فلم تشہیری پوسٹر 

ایک تو سپر ہیروز پھر اتنے سارے سپر ہیروز کہ گِننا بھی مشکل یاد رکھنا بھی مشکل۔ آئرن مین، بلیک پینتھر،کیپٹن امریکا والے اسٹیو روجرز، ہلک، ڈاکٹر اسٹرینج، اسپائیڈر مین اور تھور پھر اور، اور، اور ساتھ میں گاڑدینز آف دی گلیکسی‘ بھی۔ 

ہر سپر ہیروز کے دیوانوں کی تعداد لاکھوں میں کسی کسی سپر ہیرو کے  ’فین فالونگ‘ کروڑوں میں تو ریکارڈ تو سارے ٹوٹنے ہی تھے اور ’ایوینجرز انفنٹی وار‘ نے اوپننگ کے بہت سارے ریکارڈ پاش پاش کردیئے ہیں۔

ایوینجرز نے پاکستان، بھارت، یو اے ای اور امریکا سمیت دنیا بھر میں پہلے 3 دن میں ریکارڈ 75 ارب روپے کمائی کی تھی اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فہرست میں دنیا کی سب سے بڑی فلمی مارکیٹ چین شامل نہیں جہاں فلم بعد میں ریلیز کی جائے گی۔

صرف شمالی امریکا کی بات ہو تو فلم نے صرف ابتدائی 3 دن میں ریکارڈ 30 ارب روپے کمائے جب کہ بھارت میں یہ فلم 100 کروڑ کا چھکا تو پہلے ہفتے میں ہی لگا چکی ہے اب اس فلم نے ’جنگل بک‘ کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے جس کے بعد یہ فلم انڈیا میں ہالی وڈ کی سب سے کامیاب فلم بن چکی ہے۔

’جنگل بک‘ نے بھارت سے 187 کروڑ کا بزنس کیا تھا جب کہ ’ایوینجرز‘ ہالی وڈ کی پہلی فلم ہے جو بالی وڈ کے دیس میں 200 کروڑ کا بزنس کرلے گی اور فلم کا جس طرح کا بزنس چل رہا ہے تو یہ فلم وہاں کروڑوں کی ٹرپل سنچری بھی اسکور کرسکتی ہے۔

پاکستان میں ایوینجرز نے زبردست بزنس کیا لیکن کوئی ریکارڈ نہیں توڑ پائی اور اب تک 17 کروڑ کے بزنس کے باوجود اس کی اوپننگ سلمان کی ’سلطان‘ اور ہالی وڈ کی ’فیوریس7‘ اور ’فاسٹ اینڈ فیوریس 8‘ سے ہی کم رہی ہے۔

چین میں ریلیز نہ ہونے کی وجہ سے فلم شمالی امریکا کو چھوڑ کر انٹرنیشنل مارکیٹ کی اوپننگ کا ریکارڈ بھی نہیں توڑ سکی تاہم ’ایوینجرز‘ نے انٹر نیشنل مارکیٹ سے 45 ارب روپے کا اوپننگ بزنس کیا جب کہ ’فاسٹ اینڈ فیوریس 8‘ نے اسی مارکیٹ سے 50 ارب روپے کی اوپننگ کی تھی جس میں اکیلے چین کا حصہ 22 ارب روپے تھا۔

ایوینجرز اب تک دنیا بھر سے صرف 11 دن میں 140 ارب روپوں کا بزنس کرچکی ہے جس میں صرف شمالی امریکا کا حصہ 55 ارب جب کہ پاکستان، بھارت، یورپ سمیت دنیا بھر کا حصہ 85 ارب ہے اور ابھی اس فلم کا چین میں ریلیز ہونا باقی ہے۔

اس فلم کیلئے سب سے بڑا ہدف دنیا کی سب سے کامیاب ہالی وڈ فلم بننا ہوگا جس کیلئے اسے 320 ارب یعنی تین کھرب سے زیادہ کمائی کرنی ہوگی۔ ’اواتار‘، ’ٹائی ٹینک‘ اور ’اسٹار وارز دی فورس اویکنز‘ وہ تین فلمیں ہیں جو امریکن ڈالرز میں 2 بلین ڈالرز کا بزنس کرچکی ہیں۔

صرف سپر ہیروز کی کامیاب ترین فلم بننے کیلئے فلم کوشاید ایک ہفتہ اور لگے گا جب یہ فلم 2012 میں ریلیز ہونے والی ’ایونجرز‘ کا ریکارڈ توڑ دے گی جب کہ اُس  فلم نے باکس آفس پر دنیا بھر سے 180 ارب روپے سے زیادہ کمائی کی تھی۔

فلم ’باہوبلی 2‘ کا چینی زبان کا تشہیری پوسٹر — فوٹو: سوشل میڈیا 

کمائی تو ’باہو بلی 2‘ نے بھی خوب کی تھی اپنے پورے دیس سے وہ بھی چار زبانوں میں ریلیز ہو کر یہ فلم پہلی بھارتی فلم تھی جس نے دنیا بھر میں ہزار کروڑ کا بزنس کیا تھا، صرف بالی وڈ کی دیسی مارکیٹ سے ہی اس فلم نے 500کروڑ کا بزنس کیا تھا اور اپنے دیس میں چار زبانوں میں 1200 کروڑ کمائے تھے۔

اس فلم کی دنیا بھر کی کمائی کا ریکارڈ بعد میں ’دنگل‘ نے چین کی کمائی کی وجہ سے توڑ دیا تھا، ’باہو بلی‘ بھی اب چین میں ریلیز ہوگئی ہے لیکن زیادہ دھوم نہیں مچاسکی اور وہاں اب تک چار دنوں میں 100کروڑ پاکستانی روپے بھی نہیں کماسکی  ہے۔

صرف چین میں ’بجرنگی بھائی جان‘، ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ اور ’ہندی میڈیم‘ کا بزنس بھی با ہو بلی سے زیادہ رہا۔ چین میں ریلیز کے بعد اس بات کا امکان تھا کہ یہ فلم دنیا بھر میں ’دنگل‘ کا 32 ارب پاکستانی روپوں کا ریکارڈ توڑ دے گی لیکن اب ایسا ہونا نا ممکن لگ رہا ہے۔

فلم میں میگا اسٹار امیتابھ بچن اور رشی کپور کا ایک منظر— فوٹو: فلم تشہیری تصاویر 

ویسے فلمی دنیا میں نا ممکن کچھ بھی نہیں کیونکہ 45 سال پہلے بالی وڈ کے سپر اسٹار بننے والے 2 ہیروز امیتابھ اور رشی کپور اب باپ بیٹے کے روپ میں بڑی اسکرین پر نمودار ہوچکے ہیں جب کہ چھوٹے بجٹ کی اس فیملی فلم نے اب تک 20 کروڑ بھارتی روپوں کا بزنس کرلیا ہے۔ 

بگ بی اور چنٹو جی پہلی بار ایک ساتھ آج سے 41 سال پہلے فلم ’کبھی کبھی‘ میں نظر آئے تھے جب کہ اس فلم میں سسر داماد کا کردار ادا کرنے والے یہ دونوں اداکار کئی فلموں میں بھائی اور دوست بھی بن چکے ہیں۔

مزید خبریں :