Time 09 مئی ، 2018
پاکستان

نیب کے نوٹس پر تفتیش ہونی چاہیے کس نے چیئرمین نیب سے یہ کام کرایا، شہبازشریف


لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے میاں نوازشریف کے خلاف منی لانڈرنگ سے متعلق نیب کے نوٹس پر رد عمل میں کہا ہے کہ نیب کے اقدام سے اس کی ساکھ کو نقصان پہنچا لہٰذا تفتیش ہونی چاہیےکہ چیئرمین نیب سے کس نے یہ غیر مناسب کام کرایا۔

لاہور میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ ’اللہ کا شکر ہے احسن اقبال کی جان بچ گئی، احسن اقبال پر حملے سے دنیا میں جگ ہنسائی ہوئی، ہمیں اس کی گہرائی میں جانا ہوگا کہ وہ کون سے عوامل ہیں جن سے عدم برداشت بڑھ رہا ہے‘۔

چوہدری نثار سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’چوہدری نثار میرے دوست ہیں، جذبات میں نہ آیا کریں، انہیں پارٹی میں ایک مقام حاصل ہے‘۔

شہبازشریف کا کہنا تھاکہ ’آصف زرداری اور عمران خان ہم نوالہ اور ہم پیالہ ہیں، عمران خان خود کہہ چکے خیبرپختونخوا میں کرپشن ہوئی، وہ خیبرپختونخوا میں ایک پاکستان کی کوئی مثال دکھا دیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’عمران خان پنجاب کی مایہ ناز فرانزک ایجنسی کا عشر عشیر بتادیں، پنجاب کی فرانزک ایجنسی پر دنیا آنکھیں بند کرکے یقین کرتی ہے، انہوں نے خیبرپختونخوا میں ایک نیا اسپتال نہیں بنایا، ایک بلین درخت تو دور کی بات، انہوں نے جھوٹ بولنے کے ریکارڈ قائم کردیئے، جھوٹ بولنا اور الزام تراشی کرنا خان صاحب کا معمول بن چکا، قوم اس کا اب الیکشن میں دے گی‘۔

وزیراعلیٰ پنجاب نےکہا کہ ’خیبرپختونخوا میں احتساب کمیشن پر 70 کروڑ روپے خرچ کیے گئے لیکن اس کمیشن نے ایک کو بھی سزا نہیں دی اور اب وہ بند ہوچکا ہے‘۔

نیب کی جانب سے نوازشریف کے خلاف منی لانڈرنگ کےنوٹس سے متعلق سوال پر شہبازشریف کا کہنا تھاکہ اس نوٹس پر قوم ورطہ حیرت میں ہے، اس بات کی نہ صرف اسٹیٹ بینک کھلے انداز میں تردید کرچکا بلکہ ورلڈ بینک بھی اسے رد کرچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نیب کی ساکھ کو بہت نقصان پہنچا، چیئرمین نیب جن کے ہاتھوں یہ نوٹی فکیشن سائن ہوا، اس بات کی تفتیش ہونی چاہیے کہ وہ کون سے عناصر ہیں جنہوں نے ان سے غیر مناسب کام کرایا، اس سے جو لوگ نیب کی ساکھ پر شک کررہے تھے ان کو اور تقویت ملی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھاکہ کہا تھا نیب کا سورج آب و تاب کے ساتھ پنجاب پر چمک رہا ہے اس پر نیب نے کہا کہ ان کا سورج پورے پاکستان میں چمک رہا ہے لیکن کل کے واقعے کے بعد لگ رہا ہے نیب کا سورج باقی جگہ پر بادلوں میں چھپ گیا ہے۔

مزید خبریں :