Time 09 مئی ، 2018
پاکستان

اصغر خان کیس: ایف آئی اے نے تحقیقات کیلئے کمیٹی کے سربراہ کا تعین کرلیا


اسلام آباد: اصغر خان کیس کی تحقیقات کا معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے تحقیقات کے لیے کمیٹی کے سربراہ کا تعین کرلیا۔

ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ اصغر خان کیس کی تحقیقات کے لیے قائم کمیٹی کے لیے گریڈ 21 افسر احسان صادق کا نام فائنل کرلیا گیا ہے۔

پولیس سروس سے تعلق رکھنے والے احسان صادق کی مشاورت سے کمیٹی کے دیگر نام فائنل کیے جائیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ احسان صادق اس وقت ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے ہیں۔

اصغر خان کیس کی تحقیقات کے لیے نئی کمیٹی کا نوٹیفیکیشن جلد جاری ہونے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو اصغرخان کیس سے متعلق عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کا حکم دیا ہے۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ 'کیا یہ معاملہ ایف آئی اے میں جانا ہے یا نیب میں، وفاقی حکومت نے آج تک فیصلے کے بعد کوئی ایکشن نہیں لیا، صرف ایف آئی اے نے تحقیقات کی لیکن ایک جگہ پر یہ تحقیقات رک گئی'۔

چیف جسٹس نے کہا کہ پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی کا فیصلہ حکومت نے کیا، ہم اصغر خان کیس عملدرآمد کا معاملہ حکومت پر چھوڑتے ہیں، وفاقی حکومت اور ایف آئی اے اصغر خان کیس کے فیصلے کی روشنی میں قانون کے مطابق کارروائی کریں۔

اصغر خان کیس کیا ہے ؟

1990 میں اسلامی اتحاد کی تشکیل اور انتخابات میں دھاندلی کے لیے سیاستدانوں میں رقوم کی تقسیم سے متعلق ایئر فورس کے سابق سربراہ اصغر خان مرحوم نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

سپریم کورٹ نے 2012 میں اس کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے اسلامی جمہوری اتحاد کی تشکیل کے لیے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف سمیت دیگر سیاست دانوں میں رقوم کی تقسیم اور 1990 کے انتخابات میں دھاندلی کی ذمہ داری مرزا اسلم بیگ اور آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اسد درنی پر عائد کی تھی۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں مرزا اسلم بیگ اور اسد درانی کے خلاف کارروائی کا بھی حکم دیا تھا۔

مرزا اسلم بیگ اور اسد درانی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں ہی نظرثانی اپیل دائر کر رکھی تھی جسے عدالت مسترد کرچکی ہے۔

مزید خبریں :