18 مئی ، 2018
سلمان خان کی ریس تھری کا ٹریلر دیکھ کر مایوسی کیوں ہوئی؟ وہ کونسا سین ہے جس میں سلمان خان بھی چمک نہیں سکے؟ وہ کونسا سین ہے جس نے آخری گیند پر چھکے کی طرح 3 منٹ کے پھیکے اور کمزور ٹریلر میں اچانک جان ڈال دی اور فلم کی انتظار کی شدت بڑھادی؟ سلمان خان نے ریس میں کس ’پرانے‘ کھلاڑی کی جگہ لی ہے؟
سلمان کے ٹریلر میں وہ کونسا اسٹار ہے جو اسٹائل میں سلمان سے بھی آگے نکل گیا؟پرانی ریس میں کیا تھا جو اب نئی ریس میں نظر نہیں آیا؟ کہیں ریس تھری سلمان خان کی ’ٹیوب لائٹ‘ کی طرح فیوز تو نہیں ہوجائے گی؟
ریس کے” ٹائٹل سانگ “ میں اس بار کیا راز چھپا ہے؟سلمان اپنے ہی فیورٹ شاٹ پر آؤٹ کیسے ہوگئے؟ ریس بالی وڈ میں اتنی اہم کیوں؟ نئی ریس میں پرانا کیا ہے؟ کیا سیف علی خان ریس سے کرینہ سے شادی کی وجہ سے آؤٹ ہوئے؟ ریس کی خوبصورت حسینائیں ’مکار‘ کیوں ہوتی ہیں؟ کیا اس ریس میں سلمان کے ہوتے ہوئے فلم میں بے باک مناظر ہوں گے؟ ریس کی تمام فلموں کا پاکستان سے کیا کنیکشن ہے؟
ریس کے ٹریلر کا ریویو پڑھتے ہوئے آپ بھی ان سب سوالات کے جوابات جان جائیں گے۔ ’ریس‘ بالی وڈ کی کامیاب ترین فلم سیریز میں سے ایک ہے۔ پہلی ’ریس‘ 10 سال پہلے 2008 میں شروع ہوئی اُس کے بعد دوسری ’ریس‘ 2013 میں لگی اور اب تیسری دوسری کے پانچ سال بعد سینما گھروں میں عید پر لگے گی۔
فلم کا ٹریلر شروع ہوتا ہے سلمان کی اونچی بلڈنگ سے چھلانگ اور اڑان کی تیاری سے ساتھ ہی ان ہی کی آواز میں مکالمہ آتا ہے ’یہ ریس زندگی کی ریس ہے ،کسی کی زندگی لیکر ہی ختم ہوگی‘۔ ساتھ ہی مہنگی، بڑی خطرناک گاڑیوں میں غنڈوں کی فورس کے ساتھ ہیلی کاپٹر کی انٹری ہوتی ہے۔ سلمان خان ریس میں خوش آمدید کرنے سے پہلے ہی چھلانگ لگالیتے ہیں، اب جو منظر آتا ہے وہ دیکھنے والوں کو جھٹکا مارتا ہے۔
سلمان خان موٹر سائیکل کو ڈھال بنا کر گھماتے ہیں اور دھڑا دھڑ دشمنوں کو اڑانے کیلئے فائرنگ کرتے ہیں، یہ سین ’ریس‘ کا کم سلمان کی سب سے کمزور فلم ”جے ہو“ کا لگتا ہے، اگلے ہی سین میں سلمان کی سوٹ میں انٹری ہوتی ہے تو تھوڑی جان میں جان آتی ہے لیکن پھر 5 سیکنڈز سلمان کو ٹشن، دکھاتے، مکے چلاتے اور گولیاں برساتے دکھایا گیا ہے۔
فلم کا پہلا زوردار ڈائیلاگ ٹریلر میں 30 سیکنڈز کے بعد آتا ہے جب ’پریوار کیلئے اگر کسی کی جان بھی لینی پڑے تب بھی ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے‘۔ اس مکالمے کے ساتھ ہی فلم کے سب اہم کردار اور سلمان کا پورا خاندان انٹری دیتا ہے جس میں انیل کپور، بوبی دیول، ثاقب سلیم، جیکولین اور ڈیزی شاہ شامل ہیں۔
سب نے سن گلاسز لگائے ہوئے ہیں اور ان کے پیچھے فوجی گاڑیاں اور ان کے پیچھے صحرا ہے۔ یہ ڈائیلاگ یہ بھی بتاتا ہے کہ فلم ’میں‘، ’نہیں‘ ’ہم‘ کی کہانی ہے پورے خاندان کی کہانی ہے جس میں محبت کرنے والے کم لالچ اور دھوکہ دینے والے زیادہ ہیں۔
اب ان سب میں غالباََ خاندان کے ’چیف‘ اور فلم میں سب سے زیادہ اسٹائلش دکھنے والے انیل کپور کی زوردار انٹری ہیلی کاپٹر پر ہوتی ہے۔ یہ کردار غصہ کرنے سے پہلے سوچتا ہے فیصلہ کرتا ہے اور پھر غصہ کر کے اپنا نہیں دوسروں کا نقصان کرتا ہے۔
پھر وعدے اور ارادے کی پکی لیکن کسی پر یقین نہیں کرنے والی جیکولین کا کردار اپنے آپ کو رجسٹر کرانے کی ناکام کوشش کرتا ہے۔ یہ کردار ٹریلر میں سلمان کی محبوبہ کا لگ رہا ہے۔
اگر جیکولین بور کرنے میں چوکا لگاتی ہیں تو سلمان فورا بہت ہی ہلکے ڈائیلاگ سے’ہاتھ اور شادی‘ کا کہہ کر بوریت کا لمبا چھکا لگاتے ہیں۔ ڈیزی شاہ کاچاقو سے ایکشن ٹریلر کو تیز اور ’کرسپ‘ کرنے کی کوشش کرتا ہے کہ دیسی لگنے والی ڈیزی کا انگلش ’نن آف یور بزنس‘ یعنی ٹریلر کا سب سے تھکا ہوا ڈائیلاگ آجا تا ہے۔
اگلا منظر فلم کا راز کھولتا ہے کہ سلمان کا فلم میں نام ’سکندر‘ ہے جسے پیار سے گھر کے بڑے ’سکو‘ کہتے ہیں جس سے گھر کا سب سے چھوٹا سب سے زیادہ ’سِک‘ ہے یعنی چِڑتا ہے لیکن ایک تجسس یہاں پیدا ہوتا ہے کہ سلمان خان نے فلم میں انیل کپور کے بیٹے کا کردار کیا ہے یا چھوٹے بھائی کا۔
زیادہ تر لوگوں کا خیال ہے فلم میں وہ انیل کپور کے منجھلے بھائی بنے ہیں جیسے وہ فلاپ ’یوراج‘ میں بنے تھے، ابھی یہ الجھن سلجھتی نہیں ہے کہ اڑتی ہوئی موٹر بائیک سے دھواں دار انٹری دیتے ہیں ”بوبی دیول“، دور سے بوبی بائیک پر بیٹھے ہوئے بالکل سلمان خان لگ رہے ہوتے ہیں۔
یہاں سب ویسے ہی دھوکہ کھاتے ہیں جیسا دھوکا ہالی وڈ کے ایکشن سپر اسٹار ”ریمبو“ یعنی سلویسٹر اسٹالون نے کھایا تھا۔ راکی بھائی نے فلم کا ایک پوسٹر دیکھ کر اس میں موجود سلمان خان کو مبارک باد دی تھی لیکن بعد میں انھیں سب نے مزے لے لے کر بتایا کہ یہ سلمان نہیں بوبی دیول ہیں، یہاں تک آدھا ٹریلر ختم اور آدھا پورا باقی ہوتا ہے۔
بوبی کا مکالمہ ’ہمارے بزنس میں دشمن جتنے کم ہوں بزنس اتنا ہی زیادہ ہوتا ہے‘ بھی یہی بتاتا ہے کہ فلم بہت بڑے اور امیر خاندان کے اپنوں اور دشمنوں کی کہانی ہے۔ فلم کے ’ایک ولن‘ کی بھی انٹری ہوتی ہے لیکن اس خاندان میں کون کس کا دشمن اور کیوں ہے اور وہ کیوں ”ریس کے سکندر کو ریس سے باہر کرنے کی سازش“ کرتا ہے اُس اصل ولن کا راز تو پوری فلم دیکھ کر ہی کھلے گے۔
اب ٹریلر سسپنس کو بڑھاتا ہی ہےکہ ایک بار پھر ’جے ہو‘ ٹائپ کے سلمان خان کی اُسی طرح کی بائیک اور اُسی طرح کے ایکشن کے ساتھ انٹری ہوتی ہے مگر جلد ہی گاڑیوں اسپیڈ، گولیوں کی آواز، دھواں دار ایکشن اور اڑتے ہوئے ہیلی کاپٹرز صورتحال سنبھال لیتے ہیں۔
جی ہاں اور اب باری آتی ہے اُس سین کی جو سلمان خان 30 سال سے تقریباً ہر فلم میں سین کی ڈیمانڈ یا فینز کی ڈیمانڈ کے بہانے کرتے ہیں یا ان سے کروایا جاتا ہے، ان کا یہ اسٹائل 20 سال پہلے فلم ”پیار کیا تو ڈرنا کیا“ کے گانے سے زیادہ مقبول ہوا پھر دبنگ، باڈی گارڈ اور کک سمیت تمام فلموں میں ایکشن کی شکل میں کیا۔
کیا کوئی دبنگ میں ولن کی سیٹی بجانا اور اس سے پہلے شرٹ پھٹنے والا سین بھول سکتا ہے یا پھر ’وانٹیڈ‘ کا کلائمکس جہاں سلمان کے کپڑوں کو آگ لگ جاتی ہے اور پھر سلمان کی شرٹ کے بغیر ایکشن اور اسٹائل پر سینما گھروں میں تالیاں، سیٹیاں اور نعرے لگتے ہیں۔
ریس تھری کے ٹریلر میں بھی ایسا ہی ایک منظر ہے لیکن لگتا ہے کہ یہ منظر سلمان کے جیل سے باہر آنے کے بعد جلدی جلدی میں فلمایا گیا کیونکہ اس میں سلمان کا جسم ’پمپ اپ‘ نہیں اور دور سے ان سے بہتر بوبی دیول لگ رہے ہوتے ہیں۔
ویسے اس سین میں سلمان کی شان کم کرنے میں کیمرا اینگل کا بھی قصور ہوسکتا ہے اور پیچھے کھڑے دیو ہیکل ہیلی کاپٹر کا بھی۔ بہتر ہوتا یہ منظر ٹریلر میں شامل ہی نہیں کیا جاتا۔
ارے ارے ابھی یہاں تک پڑھنے کے بعد آپ فلم سے یا ٹریلر سے مایوس نہ ہوں کیونکہ فلم کا سرپرائز تو ٹریلر کے اینڈ میں ہے۔ سلمان کی ”وارننگ “کے بعدریس تھری کا ٹائٹل سانگ شروع ہوتا جو پہلی والی دونوں ریس میں بھی تھا۔
پہلی ریس میں”دہائی اورہاں تیرے پیار میں“ کے بیچ میں ”بے تابی چاہی گئی تو اور مشکل جدائی“ تھی جب کہ ریس ٹو میں”پھر بیوفائی ہوئی اور مشکل رہائی“ ہوئی۔
اب کی بار ”پھر جان پر آئی ہے اور تباہی ہی تباہی “ ہے۔ یہ تباہی کا گانا اور سلمان خان کا گاڑی سے اتر کر راکٹ برسا کر گاڑیاں تباہ کرنا دیکھنے والوں کو چونکا دیتا ہے اور یہی وہ ترپ کا پتہ تھا جو فلم بنانے والوں نے آخر تک سنبھال کر رکھا۔
سلمان کا یہ منظر نہ صرف باقی پورے ٹریلر بلکہ کئی پکچرز اور باکس آفس پر اکیلا بھاری ہے۔
ریس سیریز کو بالی وڈ کی ’موسٹ اسٹائلش‘ فلم کہا جانا غلط نہیں ہوگا، فلم کی لوکیشن، گانے، مناظر، ملبوسات، ایکشن، چشمے، گاڑیاں، ساؤنڈ ایفکٹس، ٹوئسٹ اینڈ ٹرن اور سب سے بڑھ کر زوردار مکالمے اپنی مثال آپ اور یادگار ہیں۔
فلم کی کہانی میں عیاری، مکاری، دھوکے اور فریب بہت زیادہ ہوتا ہے لیکن جیت چالاکی، ہوشیاری اور بہادری کی ہی ہوتی ہے لیکن اس بار ریس میں ریس کا سب سے پرانا اور اسٹائلش کھلاڑی سیف علی خان شامل نہیں۔
باکس آفس پر سیف علی خان کی آخری کامیاب فلم ’ریس 2‘ ہی تھی اس کے بعد نواب صاحب ابھی تک پانچ سالوں میں شیف، گو گوا گون، فینٹم، قلاقندی، بلٹ راجہ، ہمشکلز اور رنگون سمیت مسلسل 8 ناکام فلمیں دے چکیں ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سیف علی خان کی کرینہ کپور خان سے شادی کے بعد ایک ہی فلم ہٹ ہوئی لیکن ریس ٹو دونوں کی شادی سے پہلے مکمل ہوچکی تھی اور ریلیز شادی کے صرف 2مہینوں بعد ہوئی۔ دونوں اسٹار کڈز شادی کے بعد بہت خوش ہیں لیکن سیف کا فلمی ستارہ مسلسل گردش میں نظر آرہا ہے۔
سیف فلم ریس تھری کے ٹریلر میں نظر نہیں آئے لیکن سلمان خان کی موجودگی کے باوجود ان کا اسٹائل سلمان خان کے فینز کو بھی بہت یاد آیا۔ شاید اسی وجہ سے سلمان خان کا ’رونی‘ کا نہیں ”سکندر“ کا رول دیا گیا ہے اور اس ریس کا پچھلی ریسوں سے کوئی تعلق بھی نظر نہیں آرہا۔ ٹریلر دیکھ کر یہ بھی لگ رہا ہے کہ اس بار دھوکے، فریب اور اسٹائل پر ایکشن بھاری پڑے گا۔
پچھلی دونوں ریس کے ہیرو سیف علی خان کے ساتھ سیریز سے میوزک ڈائریکٹر پریتم اور ڈائریکٹر عباس مستان کی بھی چھٹی ہوگئی ہے۔ فلم میں پرانی دو ریسوں کا صڑف ایک کھلاڑی باقی بچا ہے اور وہ ہیں انیل کپور لیکن ان کا کردار پچھلی دونوں ریس سے بالکل مختلف اور زیادہ اہم لگ رہا ہے۔
پچھلی دونوں ریس میں حسینائیں بھی زیادہ ’پر کشش‘“ اور ”بے باک “ تھیں۔ پہلی ریس میں بپاشا، کترینہ اور سمیرا ریڈی تھیں، دوسری میں دپیکا، جیکولین اور امیشا تھیں لیکن اِس بار یہ ریس کا یہ داؤ ہلکا لگ رہا ہے۔
سلمان کی موجودگی کی وجہ سے فلم میں”بولڈ“ مناظر بھی کم ہی ہوں گے کیونکہ سلمان خان اپنی فلموں میں ایسے مناظر پسند نہیں کرتے۔
فلم کے منفی یا کمزور پلڑے میں کتنا ہی وزن ہو فلم کے مثبت پہلو میں ایک سلمان خان کا نام ہی کافی ہے۔
ایک تو سو کروڑ کا سلطان دوسرا عید کا میدان تو ریس کے اس نئے کھلاڑی کو ہرانا مشکل ہی نہیں نا ممکن لگ رہا ہے۔ سلمان خان کی تو فلاپ فلم بھی کم سے کم سو کروڑ کا بزنس کرتی ہے۔
پچھلے دس سالوں میں صرف میٹھی عید پر سلمان خان کی وانٹیڈ، دبنگ، باڈی گارڈ، ایک تھا ٹائیگر، کِک، بجرنگی بھائی جان اور سلطان تمام فلمیں سپر ہٹ اور ’ٹیوب لائٹ‘ ناکام ہوئی تھی۔
ریس تھری یقینی طور پر سو کروڑ کمانے والی سلمان خان کی مسلسل 13ویں فلم ہوگی۔
دوسری طرف اطلاعات ہیں کہ ’ریس تھری‘ میں بھی پاکستانی راک اسٹار عاطف اسلم کی آواز جادو جگائے گی۔ عاطف اسلم نے نہ صرف اس سے پہلے بھی دونوں ریس میں گانے گائے بلکہ وہ گانوں کی ویڈیوز میں بھی نظر آئے۔
ریس میں ’’پہلی نظر نے‘‘ مقبولیت کے ریکارڈ توڑے تو ریس ٹو میں عاطف کے دونوں گانے’’ بے انتہا‘‘ اور ٹائٹل سانگ سپر ڈپر ہٹ ہوئے۔
سونے پر سہاگا عاطف صرف ریس کے ہی نہیں سلمان خان کے بھی فیورٹ سنگر ہیں اور ان کی فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کا گانا ’دل دیا گلاں‘ پچھلے سال کا مشہور ترین فلمی نغمہ تھا۔
عاطف اسلم کی آواز میں اس گانے کو بالی وڈ کے مشہور رومانٹک گانوں میں شمار کیا جاتا ہے اور اس سے پہلے سلمان کیلئے ’بجرنگی بھائی جان‘ اور ’ٹیوب لائٹ‘ میں بھی گانے گاچکے ہیں۔
ٹھہریں اپنی رائے کا اظہار کرتے جائیں:
نوٹ:
1۔۔ ہر فلم بنانے والا، اُس فلم میں کام کرنے والا اور اُس فلم کیلئے کام کرنے والا، فلم پر باتیں بنانے والے یا لکھنے والے سے بہت بہتر ہے ۔
2۔۔ ہر فلم سینما میں جا کر دیکھیں کیونکہ فلم سینما کی بڑی اسکرین اور آپ کیلئے بنتی ہے۔ فلم کا ساؤنڈ، فریمنگ، میوزک سمیت ہر پرفارمنس کا مزا سینما پر ہی آتا ہے۔ آ پ کے ٹی وی، ایل ای ڈی، موبائل یا لیپ ٹاپ پر فلم کا مزا آدھا بھی نہیں رہتا۔
3۔۔ فلم یا ٹریلر کا ریویو اور ایوارڈز کی نامزدگیوں پر تبصرہ صرف ایک فرد واحد کا تجزیہ یا رائے ہوتی ہے ،جو کسی بھی زاویے سے غلط یا صحیح اور آپ یا اکثریت کی رائے سے مختلف بھی ہوسکتی ہے۔
4۔۔ غلطیاں ہم سے،آپ سے، فلم بنانے والے سمیت سب سے ہوسکتی ہیں اور ہوتی ہیں۔آپ بھی کوئی غلطی دیکھیں تو نشاندہی ضرور کریں۔
5۔۔ فلم کے ہونے والے باکس آفس نمبرز یا بزنس کے بارے میں اندازہ لگایا جاتا ہے جو کچھ مارجن کے ساتھ کبھی صحیح تو کبھی غلط ہوسکتا ہے۔
6۔۔ فلم کی کامیابی کا کوئی فارمولا نہیں۔ بڑی سے بڑی فلم ناکام اور چھوٹی سے چھوٹی فلم کامیاب ہوسکتی ہے۔ ایک جیسی کہانیوں پر کئی فلمیں ہِٹ اور منفرد کہانیوں پر بننے والی فلم فلاپ بھی ہوسکتی ہیں۔کوئی بھی فلم کسی کیلئے کلاسک کسی دوسرے کیلئے بیکار ہوسکتی ہے۔
7۔۔ فلم فلم ہوتی ہے،جمپ ہے تو کٹ بھی ہوگاورنہ ڈھائی گھنٹے میں ڈھائی ہزار سال، ڈھائی سو سال، ڈھائی سال، ڈھائی مہینے، ڈھائی ہفتے، ڈھائی دن تو دور کی بات دو گھنٹے اور اکتیس منٹ بھی سما نہیں سکتے۔