ترقی کے اعتبار سے خیبرپختونخوا جنوبی پنجاب سے بھی پیچھے ہے، رپورٹ


اسلام آباد: اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام نے پاکستان نیشنل ہیومن ڈویلپمنٹ 2017 رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق ترقی کے اعتبار سے خیبرپختونخوا، جنوبی پنجاب سے بھی پیچھے ہے۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 83 فیصد افراد کا معیار زندگی بہتر ہے، سندھ میں 67.6 فیصد، خیبرپختونخوا میں 67.1 فیصد اور بلوچستان میں صرف 33.9 فیصد افراد کا معیار زندگی بہتر ہے۔

ترقی کے حوالے سے ہیومن انڈیکس ٹیبل پر پنجاب کے 0.732 پوائنٹس، سندھ کے 0.640، خیبر پختونحوا کے 0.628 پوائنٹس اور بلوچستان کے 0.421 پوائنٹس ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انفرااسٹرکچر، میٹرو بس پروجیکٹ، اورنج ٹرین اور دیگر منصوبے پنجاب کی پہچان بن گئے ہیں جہاں انسانی ترقی کے تصور کو عملی صورت میں ڈھال دیا گیا ہے۔

نیشنل ہیومن ڈویلپمنٹ رپورٹ کے مطابق انسانی ترقی کے لحاظ سے پنجاب کے 6 اضلاع یو این ڈی پی کی رینکنگ میں شامل ہیں جب کہ خیبرپختونخوا انسانی ترقی میں خاطر خوا کامیابی حاصل نہ کرسکا اور اس کا کوئی ضلع اس رینکنگ میں شامل نہیں ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق میڈیم ڈویلپمنٹ ڈسٹرکٹ میں پنجاب کے 19 اور خیبرپختونخوا کے 4 اضلاع شامل ہیں جب کہ تعلیم اور صحت میں بھی پنجاب دیگر صوبوں سے آگے ہے۔

تعلیم اور صحت میں بھی پنجاب دیگر صوبوں سے آگے ہے جہاں صحت کی تسلی بخش سہولتوں کا تناسب 78 فیصد ہے جب کہ خیبرپختونخوا میں صحت کی تسلی بخش سہولتوں کا تناسب 73 فیصد ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں مختلف بیماریوں سے بچاؤ کی شرح 89 فیصد ،خیبر پختونخوا میں 78 فیصد، سندھ  میں 73 فیصد اور بلوچستان میں یہ شرح 51 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ترقی کے اعتبار سے خیبرپختونخوا جنوبی پنجاب سے بھی پیچھے ہے، رپورٹ کے مطابق پنجاب میں اسکولنگ کا تناسب 10 اعشاریہ ایک اور خیبرپختونخوا میں 9 اعشاریہ 7 ہے۔

رپورٹ حکومت کے پہلے 18ماہ کا تجزیہ ہے، پی ٹی آئی

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کہا ہے کہ یو این ڈی پی کی رپورٹ پر مسلم لیگ ن کا پروپیگنڈا گمراہ کن قرار دے دیا۔

پی ٹی آئی کے اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ رپورٹ درحقیقت موجودہ دور حکومت کے پہلے 18ماہ یعنی دو سال سے بھی کم مدت کا تجزیہ ہے۔

اعلامیے کے مطابق پانچ سال کے اعداد و شمار پہلے دوسال کا احاطہ نہیں کر سکتے، اتنے پرانے ڈیٹا پر مبنی رپورٹ کا اجرا انتخابی دھاندلی کا منشور معلوم ہو رہا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ اگلے 3 سال کی کارکردگی میں ہیومن ڈیولپمنٹ کے معاملے کے حوالے سے خیبرپختونخوا دیگر صوبوں سے کہیں آگے بڑھ چکا ہے۔

پی ٹی آئی کے مطابق اگلے 3 سال میں کے پی کے4، پنجاب میں 3، بلوچستان میں 2 اور سندھ کا ایک ہی ضلع ترقی پاسکا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پی پی کی حکومت میں سندھ کے 10 میں سے 6 اضلاع بدترین کارکردگی کی بھینٹ چڑھے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پنجاب میں 6 باریاں لینے والی ن لیگ کے پی میں پہلی بار کی حکومت پر بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔

پاکستان نیشنل ہیومن ڈویلپمنٹ رپورٹ:




مزید خبریں :