22 مئی ، 2018
بالی وڈ کے ’سلطان‘ سلمان خان نے اس بار بھی عید پر ’ریس‘ لگانے کے لیے انٹری دے دی ہے۔
عید میٹھی ہو اور اس پر سلمان کی فلم ریلیز ہونے جارہی ہو تو سینما جانے والوں کی عید کا مزا دوبالا ہوجا تا ہے۔
سلمان خان ہر عید پر 'انٹرٹینمنٹ کی عیدی' بانٹتے ہیں اور خود کروڑوں روپوں کے ساتھ تالیاں اور سیٹیاں سمیٹ کر لے جاتے ہیں۔ بالی وڈ والے کہتے ہیں، 'لگتا ہے کہ باکس آفس پر عید آتی ہی سلمان کے لیے ہے'۔
بالی وڈ میں 2009 سے پہلے عید کو فلموں کی ریلیز کے لیے اتنا موزوں نہیں سمجھا جاتا تھا، جتنا کرسمس اور دیوالی کے تہواروں کو اہمیت دی جاتی تھی لیکن سلمان اور عید کی جوڑی نے سال کی سب سے بڑی ’ریلیز ڈیٹ‘ اِسی دن کو بنادیا ہے۔
اب عید کے دن پر مکمل کنٹرول سلمان خان کا ہے، کوئی اور اِس دن فلم ریلیز کرنے کا سوچتا بھی نہیں۔ بالی وڈ میں 100، 100 کروڑ کا بزنس کرنے والی مسلسل 12 فلمیں دینے والے واحد سپر اسٹار کی یہ فلمیں دنیا بھر سے 42 ارب روپوں کا بزنس کرچکی ہیں۔
سلمان کی عید پر ریلیز ہونے والی پچھلی 7 فلمیں صرف بھارت میں 14 ارب اور دنیا بھر میں 26 ارب روپوں سے زیادہ کا بزنس کرچکی ہیں۔ آئیے آپ کو ہر سال عید پر سلمان کے کمال کی کہانی سناتے ہیں۔
سال 2018
اس سال عید پر سلمان خان کی فلم ’ریس تھری‘ ریلیز ہوگی، یہ ’ریس‘ کا سیکوئل ہے جو 2008 میں ریلیز ہوئی جبکہ 2013 میں’ریس 2‘ ریلیز کی گئی۔ ’ریس‘ اور ’ریس 2‘ دونوں بلاک بسٹر فلمیں تھیں لیکن ان میں سلمان کے بجائے سیف علی خان نے مرکزی کردار نبھائے تھے۔
اس بار فلم کا ہیرو بھی بدل گیا ہے اور ڈائریکٹر بھی۔ پہلی دونوں ریس کی ڈائریکشن عباس مستان نے دی تھیں اس بار ” اے بی سی ڈی“ والے ریمو ڈی سوزا اس فلم کے کپتان ہیں۔
فلم میں سلمان کے ساتھ انیل کپور، بوبی دیول، ثاقب سلیم، جیکولین اور ڈیزی شاہ نظر آئیں گی جب کہ فلم کے صرف دنیا بھر میں سنیما ڈسٹری بیوشن رائٹس 190 کروڑ بھارتی روپوں میں فروخت کیے گئے ہیں، یعنی اس فلم کو بھارت سمیت دنیا بھر میں سپر ہٹ ہونے کے لیے 450 کروڑ روپے کمانے ہوں گے۔
دوسری طرف فلم بنانے والوں یعنی ٹپس اور سلمان خان فلمز کو تو اپنی لاگت سے بھی زیادہ پیسے تو ایسے ہی مل گئے۔ اب ڈیجیٹل، سیٹلائٹ اور میوزک رائٹس الگ ہیں جن سے فلم بنانے والوں کو 200 کروڑ روپے مزید اکاؤنٹ میں آنے کی توقعات ہیں۔
سال 2017
یہ سال سلمان، ان کے چاہنے والوں، باکس آفس، ڈسٹری بیوٹرز اور پورے بالی وڈ کے لیے دھچکا ثابت ہوا کیوں کہ اس سال باکس آفس نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ یہاں کب کیا ہوجائے کوئی نہیں جانتا۔
سلمان خان اور عید کا ساتھ اس بار ناکام ثابت ہوا اور فلم ”ٹیوب لائٹ“ باکس آفس پر فیوز ہوگئی۔ فلم کے ڈائریکٹر ’بجرنگی بھائی جان‘ والے کبیر خان تھے اور پروڈیوسر خود سلمان خان تھے۔
”ٹیوب لائٹ“کے ڈائریکٹر کبیر خان کے ساتھ سلمان کی تیسری فلم تھی اور دونوں کی پچھلی فلمیں’ایک تھا ٹائیگر‘ اور’بجرنگی بھائی جان‘ بھی عید پر ہی ریلیز ہوئی تھیں اور سپر ڈوپر ہٹ ثابت ہوئی تھیں۔
سلمان فلم میں اپنے چھوٹے بھائی سہیل خان کے ساتھ نظر آئے تھے، دونوں اس سے پہلے فلم ’ویر‘ میں بھی بھائیوں کا کردار ادا کرچکے ہیں۔
’میں نے پیار کیوں کیا‘، ’گاڈ تُسی گریٹ ہو‘، ’سلامِ عشق‘، ’مسٹر اینڈ مسز کھنہ‘ اور ’ہیروز‘میں بھی دونوں نے ایک ساتھ کام کیا لیکن کردار بھائیوں کے نہیں تھے۔
’ٹیوب لائٹ‘ ہالی وڈ کی فلم ”دی لٹل بوائے“ سے متاثر ہو کر بنائی گئی تھی، فلم بھارت اور چین کی جنگ کے پس منظر میں بنائی گئی تھی لیکن دیکھنے والوں کو بالکل نہیں بھائی۔ فلم اتنی بری طرح پِٹی کہ دنیا بھر میں ڈھائی سو کروڑ کا بزنس بھی نہیں کرسکی۔
تاہم سلمان اور عید کی چھٹیوں نے فلم کو اپنے دیس میں 120کروڑ کا بزنس ضرور کروادیا جس کی وجہ سے سلمان کا مسلسل سو، سو کروڑ کی فلمیں دینے کا ریکارڈ بچ گیا۔
سال 2016
اس سال عید پر سلمان نے ہریانہ کا ’سلطان‘ بن کر پہلوانی اور مکس مارشل آرٹ کے جوہر دکھائے۔ فلم سلمان خان کی دوسری 300 کروڑ فلم ثابت ہوئی۔ اس فلم نے دنیا بھر میں 590 کروڑ کا بزنس کیا اور یہ دنیا بھر میں سلمان خان کی اب تک کی دوسری کامیاب ترین فلم ہے۔
اس فلم کے ڈائریکٹر علی عباس ظفر تھے جنھوں نے بعد میں سلمان کے ساتھ ’ٹائیگر زندہ ہے‘ بنائی، اس فلم کی پروکشن یش راج فلمز نے کی، جس میں پہلی بار انوشکا شرما اور موسیقار وشال اینڈ شیکھر نے سلمان کے ساتھ کام کیا۔
سال 2015
سلمان خان اس عید پر ’بجرنگی بھائی جان‘ بنے اور فلم میں پاکستان کا چکر بھی لگایا۔ فلم میں سلمان نے دوسروں کو مارا پیٹا نہیں بلکہ سب سے مار کھائی، ہاتھ جوڑ جوڑ کر اور ’مُنی‘ کو پاکستان چھوڑ کر اپنے وطن میں پورے 300 کروڑ کی عیدی کمائی۔
اس فلم میں کرینہ کپور ہیروئن تھیں لیکن چائلڈ اسٹار منی اور نواز الدین صدیقی کے کردار سب سے زیادہ پسند کیے گئے۔ ’بجرنگی بھائی جان‘ 2018 میں چین میں بھی ریلیز ہوئی اور اس طرح فلم نے اب تک دنیا بھر میں تقریباً 1000 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔ ’بجرنگی بھائی جان‘ اب تک سلمان کے کیریئر کی سب سے کامیاب ترین فلم ہے۔
سال 2014
سلمان خان نے عید پر پھر اس سال ’کِک‘ لگائی اور فلم میں چور اور سپاہی دونوں کردار ادا کیے۔ اس فلم سے سلمان خان نے پہلی بار 200 کروڑ کا چھکا لگایا اور عامر اور شاہ رخ کے بعد 200 کروڑ کلب میں جگہ بنائی۔
فلم کے ہدایت کار سلمان کے دوست اور مشہور پروڈیوسر ساجد نڈیاڈ والا تھے جس میں جیکولین، رندیپ اور نواز الدین نے مختلف کردار ادا کیے، اس فلم نے دنیا بھر میں 377 کروڑ کی کمائی کی۔
سال 2013
اس سال سلمان خان اپنی بیماری کی وجہ سے عید کو ٹارگٹ نہیں کرسکے اور انھوں نے وہ عید شاہ رخ خان کے لیے چھوڑ دی۔ شاہ رُخ خان اور دپیکا کی فلم ”چنئی ایکسپریس“ نے کروڑوں کی ڈبل سنچری بنائی اور یہ فلم اب تک شاہ رخ خان کے کیریئر کی سب سے کامیاب فلم ہے۔
چنئی ایکسپریس نے دنیا بھر میں 400 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کیا۔ اس فلم کے ڈائریکٹر اب تک سب سے زیادہ 100 کروڑ فلمیں دینے والے روہت شیٹھی تھے۔
سال 2012
اس سال عید پر سلمان خان کی ’ایک تھا ٹائیگر‘ نے دُھوم مچائی اور ایسی مچائی کہ فلم 200 کروڑ سے صرف دو کروڑ پیچھے رہی۔ یہ یش راج کے ساتھ سلمان خان کی پہلی فلم تھی اور دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ فلم پہلے شاہ رخ خان کو آفر کی گئی تھی لیکن بعد میں سلمان خان کی جھولی میں آگری۔ سلمان اور کترینہ اس فلم میں جتنا اسکرین پر اچھے لگے اتنا کسی اور فلم میں نہیں۔
سال 2011
اس عید پر”باڈی گارڈ“ لوگوں نے سویاں اور شیر خرما کھانے کے بعد دیکھی اور بار بار دیکھی۔ اس فلم نے بھی 100 کروڑ سے زیادہ کی عیدی سمیٹی۔ یہ سلمان اور کرینہ کپور کی جوڑی کی پہلی کامیاب فلم تھی، دونوں اس سے پہلے ’میں اور مسز کھنہ‘ اور ’کیونکہ‘ جیسی میگا فلاپ فلموں میں ایک ساتھ کام کرچکے تھے۔
سال 2010
عید الفطر پر سلمان نے ”دبنگ“ انٹری دی اور پہلی بار باکس آفس پر 100 کروڑ کا چھکا لگایا۔ دبنگ سلمان خان اور ان کے چاہنے والوں کی سب سے پسندیدہ فلموں میں سے ایک ہے جس میں سلمان خان نے ”چلبل پانڈے“ کا یادگار کردار ادا کیا۔
فلم کے گانے، مکالمے اور ایکشن بھی بہت مقبول تھے لیکن ”منی بدنام“ تو گلی گلی سنا گیا، یہاں تک کہ سیاسی تقریروں میں بھی ”منی بڑی بدنام“ ہوئی۔
دبنگ میں سوناکشی سنہا نے اپنے کیریئر کا آغاز کیا، فلم کے ہدایت کار ’ابھی نیو کشیپ‘ تھے جنھوں نے بعد میں رنبیر کپور کو ”بے شرم “ بنا کر ایسا کیریئر خطرے میں ڈالا کہ رنبیر آج تک اُس وقت کو یاد کر کے روتے ہوں گے جس وقت انھوں نے بے شرم بننے پر فلم سائن کی۔
صرف 42کروڑ کی لاگت سے بننے والی اس فلم نے دنیا بھر میں 2 ارب سے زیادہ کی کمائی کی۔
سال 2009
اس میٹھی عید پر سلمان خان ایکشن مصالہ انٹرٹینمنٹ فلم ”وانٹیڈ“ سے انڈسٹری میں”موسٹ وانٹیڈ“ ہوگئے۔ یہ وہ فلم تھی جس نے سلمان خان کے پھر سے ڈوبتے کیریئر میں جان ڈال دی تھی۔
’وانٹیڈ‘ اور اس کے بعد 'دبنگ' اور پھر جو سفر ہے وہ سب کے سامنے ہے۔ یہ فلم ساؤتھ انڈین فلم کا ریمیک تھی جس کے پروڈیوسر بونی کپور اور ڈائریکٹر پرابھو دیوا تھے، فلم کی ہیروئن عائشہ ٹاکیہ تھیں جو اب عائشہ فرحان ہوگئی ہیں۔
چھوٹی عید تو ہمیشہ سلمان اور ان کے چاہنے والوں کیلئے ”میٹھی“ ثابت ہوئی لیکن بڑی عید پر سلمان کی قسمت کا ستارہ ایسا نہیں چمکا کیوں کہ 2002 میں سلمان خان، دیا مرزا اور سشمیتا سین کی فلم ’تم کو نہ بھول پائیں گے‘ باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئی تھی۔
میٹھی عید 1997 میں بھی سلمان کے لیے شیریں تھی کیونکہ اس سال عید پر سلمان کی ’جڑواں‘ ریلیز ہوئی اور سپر ڈوپر ہٹ ہوئی تھی۔
اس سال سلمان باکس آفس پر اپنی ایکشن پیک 'ریس 3' سے باکس آفس پر کیسی ”تباہی“ مچاتے ہیں یہ سب کو عید کے ایک ہفتے بعد پتا لگ جائے گا۔