Time 23 مئی ، 2018
انٹرٹینمنٹ

سیف علی خان کی اہلیہ کے طور پر پہچانے جانے پر فخر محسوس ہوتا ہے، کرینہ

بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور—.فوٹو/ بشکریہ انڈین ایکسپریس

بالی وڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور خان نے واضح کیا ہے کہ وہ مرد و عورت کو برابر سمجھتی ہیں لیکن فیمینسٹ نہیں ہیں۔

بھارتی نیوز ویب سائٹ انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق کرینہ کپور نے فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ کی میوزک لانچ تقریب کے موقع پر انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’میں مساوات پر یقین رکھتی ہوں لیکن میں یہ نہیں کہوں گی کہ میں فیمینسٹ ہوں‘۔

کرینہ کپور کا کہنا تھا، 'میں ایک عورت ہوں، اُس سے بڑھ کر میں ایک انسان ہوں لیکن مجھے اس بات پر فخر محسوس ہوتا ہے، جب میں کرینہ کپور کے بجائے سیف علی خان کی اہلیہ کے طور پر پہچانی جاتی ہوں'۔

واضح رہے کہ فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ کی کہانی چار خواتین دوستوں کے گرد گھومتی ہے جو اپنی اپنی زندگی کے مسائل سے نمٹ رہی ہیں۔

فلم میں دیکھا جاسکے گا کہ کیسے چاروں دوستیں معاشرے میں لڑکیوں کے لیے بنائے ہوئے رسم و رواج سے لڑ رہی ہیں اور خود کو بااختیار ثابت کرنے کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں۔

فلم کی کاسٹ میں کرینہ کپور خان کے علاوہ سونم کپور، سویرا بھاسکر اور شکا تلسانیا بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ فلم کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد سے اسے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس پر فلم ساز ریہا کپور کا کہنا تھا کہ اگر ڈکشنری میں فیمینسٹ (feminist) کے معنی دیکھیں جائیں تو وہ برابری کے  ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فلم میں وہی دکھایا جا رہا ہے جو حقیقت ہے، لڑکیاں بھی لڑکوں کی طرح ہی سوچتی، بولتی اور وہی غلطیاں کرتی ہیں۔بس فرق صرف اتنا ہے کہ وہ زیادہ خوبصورت ہوتی ہیں تو پھر کوئی حقیقت پر کیسے غصہ ہوسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس فلم کا مقصد ہی سب کو بتانا ہے کہ مرد و خواتین برابر ہیں۔

فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ یکم جون کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

مزید خبریں :