Time 27 مئی ، 2018
پاکستان

کراچی والے ایک اور ہیٹ ویو کے لیے ہوجائیں تیار

جمعرات کو پارہ 44 تک جانے کے ساتھ ہوا میں نمی کا تناسب بھی 10 فیصد رہ جائے گا، محکمہ موسمیات—فائل فوٹو۔

اہلیان کراچی ایک اور ہیٹ ویو کے لیے تیار ہوجائیں کیوں کہ پیر سے شہر میں دوبارہ شدید گرمی پڑنے والی ہے۔

گزشتہ کچھ روز سے شہر قائد کا موسم کچھ بہتر تھا تاہم محکمہ موسمیات نے کل سے ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا جس کے مطابق پیر سے جمعرات تک پارہ 40 سے 44 ڈگری تک جائے گا۔

جمعرات کو پارہ 44 تک جانے کے ساتھ ہوا میں نمی کا تناسب بھی 10 فیصد رہ جائے گا ۔

واضح رہے کہ 18 مئی کو محکمہ موسمیات نے کراچی میں ہیٹ ویو ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ 6 روز کے دوران سمندری ہوائیں رُکنے سےکراچی کے شہریوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اس سے قبل بھی محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں رمضان المبارک کا پہلا ہفتہ شدید گرم ہونے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

احتیاطی تدابیر:

شہری ہیٹ ویو سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور اگر گھر سے نکلیں تو سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔

ماہرین اور ڈاکٹروں کے مطابق سر اور جسم کے دیگر حصوں پر گیلا کپڑا لپیٹنے سے بھی گرمی کا احساس کم ہوتا ہے۔

شدید گرمی کے موسم میں ہلکے رنگ اور ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہننے کی ہدایت کی جاتی ہے، جو گرمی کے احساس میں کمی کے لیے مددگار ہوتے ہیں۔

مزید خبریں :