29 مئی ، 2018
پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) کا ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا ہے جس میں سرحد پر صورتحال بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کا ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا اور دوران گفتگو دونوں ملکوں کے ڈی جی ایم اوز نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری کی موجودہ صورتحال بہتر بنانے کے لیے مخلصانہ اقدامات پر اتفاق کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کے درمیان سرحد کے ساتھ رہنے والے شہریوں کومشکلات سے بچانے کے اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ڈی جی ایم اوز کی گفتگو میں 2003 میں ہونے والے جنگ بندی کے معاہدے پر اس کی روح کے مطابق عمل کرنے پر بھی اتفاق ہوا اور سیزفائر کی خلاف ورزی نہ کرنے کا عزم ظاہر کیا۔