(ن) لیگ کے سینئر رہنما ذوالفقار کھوسہ پی ٹی آئی میں شامل

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ذوالفقار کھوسہ نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے سینئر رہنماؤں کے ساتھ ذوالفقار کھوسہ سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔

اس موقع پر ذوالفقار کھوسہ کا کہنا تھا کہ وہ ایک طویل عرصے تک مسلم لیگ کا حصہ رہے اور انہوں نے ن لیگ کو عروج کے وقت چھوڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت پر اعتماد ہے اس لیے تحریک انصاف میں شامل ہو رہا ہوں۔

یاد رہے کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نےچند ماہ قبل ذوالفقار کھوسہ کو پیپلزپارٹی میں شمولیت کی دعوت دی تھی تاہم اس پر انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ذوالفقار کھوسہ کچھ عرصے سے مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے ناراض ہیں اور ان کےتحفظات دور کرنے کی کوشش نہیں کی گئی۔

تحریک انصاف کی دوست محمد کھوسہ کو پارٹی میں شامل کرنے سے معذرت

ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف نے ذوالفقار کھوسہ کے صاحبزادے اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب دوست محمد کھوسہ کو پارٹی میں شامل کرنے سے معذرت کرلی۔

عمران خان کی ذوالفقار کھوسہ سے ملاقات میں بھی دوست محمد کھوسہ موجود نہیں تھے۔

ترجمان تحریک انصاف کے مطابق کھوسہ خاندان کے صرف وہی لوگ شامل ہوئے ہیں جو ملاقات میں موجود تھے۔

دوست محمد کھوسہ پراداکارہ سپنا کے قتل کا الزام ہے۔

مزید خبریں :