Time 07 جون ، 2018
دنیا

افغان حکومت کا عید پر طالبان سے جنگ بندی کا اعلان

جنگ بندی کے حوالے سے طالبان کی جانب سے کوئی جواب سامنے نہیں آیا۔ فوٹو: اے ایف پی

افغان حکومت نے عیدالفطر کے موقع پر طالبان کے ساتھ جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔

افغانستان کے آرمی چیف جنرل شریف یفتالی نے کابل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طالبان کے ساتھ ایک ہفتے کی جنگ بندی کا اعلان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ طالبان کے ساتھ جنگ بندی 27 ویں رمضان المبارک سے عید الفطر کے پانچویں روز تک جاری رہے گی۔

افغان صدر اشرف غنی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس جنگ بندی کے دوران طالبان کے خلاف آپریشن نہیں ہوں گے تاہم داعش اور دیگر دہشتگرد گروپوں کے خلاف آپریشنز جاری رہیں گے۔

اس حوالے سے طالبان کی جانب سے تاحال کوئی جواب سامنے نہیں آیا ہے۔

افغان صدر اشرف غنی کا کہنا ہے کہ افغان عوام جنگ کا پُرامن طریقے سے حل چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا یہ پیش کش طالبان کے لیے ایک بہترین موقع ہے کہ وہ اپنے خیالات کا مشاہدہ کریں کہ پرتشدد مہم جوئی کے ذریعے وہ افغان عوام کے دل و دماغ نہیں جیت سکتے بلکہ اس طرح سے لوگ ان کے مقصد سے متنفر ہوتے جا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ 2001 میں امریکا کی جانب سے طالبان حکومت کا تختہ الٹائے جانے کے بعد سے جاری جنگ میں اب تک ہزاروں کی تعداد میں افراد مارے جا چکے ہیں۔

مزید خبریں :