17 جون ، 2018
لندن: کلثوم نواز کی تشویشناک حالت کے باعث سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے وطن واپسی مؤخر کر دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کلثوم نواز کی حالت بدستور تشویشناک ہے جس کے باعث ڈاکٹرز نے انہیں لائف سپورٹ مشین سے نہ ہٹانےکا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ نواز شریف، حسین اور مریم نواز نے بھی ڈاکٹرز سے 2 گھنٹے طویل ملاقات کی جس میں ڈاکٹرز نے شریف فیملی کو بتایا کہ کلثوم نواز کی طبیعتت کو مانیٹر کیا جا رہا ہے تاہم حالت میں بہتری کے حوالے سے کوئی ٹائم فریم نہیں دیا جا سکتا۔
ڈاکٹرز نے نواز شریف کو اہلیہ کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کا مشورہ دیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ نواز شریف اور مریم کو 19 جون کو عدالت میں پیش ہونا تھا اور دونوں نے آج پاکستان واپسی کے ٹکٹ بھی کروا رکھے تھے لیکن ڈاکٹرز کے مشورے کے بعد نواز شریف اور مریم نواز نے فی الحال وطن واپسی مؤخر کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کی وطن واپسی بیگم کلثوم نواز کی صحت سے مشروط ہے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز 19 جون کو احتساب عدالت میں پیش نہیں ہوں گے اور دونوں کے وکلاء حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دیں گے۔
ذرائع کے مطابق کلثوم نواز کی میڈیکل رپورٹ اور ڈاکٹر کا خط بھی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کے ساتھ احتساب عدالت میں جمع کرایا جائے گا۔