سڑک پر کچرا پھینکنے پر انوشکا سے ڈانٹ کھانے والا شخص بالی وڈ کا چائلڈ اسٹار نکلا

بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما اور ان کے شوہر ویرات کوہلی—۔فائل فوٹو 

بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما کو گاڑی میں سوار ایک شخص کو سڑک پر کچرا پھینکنے پر ڈانٹنا اور ان کے شوہر ویرات کوہلی کو اس موقع کی ویڈیو بنانا مہنگا پڑ گیا اور سوشل میڈیا پر لوگوں نے مسٹر اور مسز کوہلی کی کلاس لے لی۔

شائقین کو اس بات پر اعتراض ہے کہ انہوں نے اس موقع کی ویڈیو کیوں بنائی۔

انوشکا شرما نے سڑک پر کچرا پھینکنے پر ارہان سنگھ کو  ڈانٹا تھا—.ویڈیو اسکرین گریب

دوسری جانب جس شخص کو انوشکا نے پلاسٹک کی بوتل پھینکنے پر کھری کھری سنائی تھیں، وہ بالی وڈ کا چائلڈ اسٹار نکلا، جو 90 کی دہائی میں شاہ رخ خان اور مادھوری ڈکشٹ کے ساتھ بھی فلم میں کام کر چکا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق سنی کے نام سے مشہور ارہان سنگھ نے 1996 میں شاہ رخ خان کے ساتھ فلم 'انگلش بابو دیسی میم' میں کام کیا تھا، جبکہ وہ 1995 کی فلم 'راجا' اور 1993 میں ریلیز ہونے والی فلم 'دیکھ بھائی دیکھ' میں بھی کام کرچکے ہیں۔

جبکہ 2010 میں ریلیز ہونے والی فلم 'پاٹ شالا' میں بھی وہ شاہد کپور کے ساتھ ایک اسکول طالبعلم کے روپ میں نظر آئے تھے۔

سنی کے نام سے مشہور ارہان سنگھ نے 1996 میں شاہ رخ خان کے ساتھ فلم 'انگلش بابو دیسی میم' میں کام کیا تھا—۔فوٹو/ بشکریہ ہندوستان ٹائمز

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے گاڑی میں سے پلاسٹک کی بوتل باہر پھینکنے پر ارہان سنگھ کو انوشکا شرما نے ڈانٹ پلادی تھی، جبکہ ویرات کوہلی نے اس موقع کی ویڈیو بنائی تھی، جسے بعدازاں انہوں نے ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر بھی شیئر کیا۔

ویرات نے لکھا، 'ہم نے ان لوگوں کو سڑک پر کچرہ پھینکتے ہوئے دیکھا اور ان کے ساتھ صحیح سلوک کیا، یہ لگژری گاڑیوں میں سفر کرتے ہیں لیکن ان کے پاس دماغ نہیں ہے، کیا یہ لوگ ہمارے ملک کو صاف رکھیں گے؟'

ساتھ ہی انہوں نے لکھا، 'اگر آپ بھی ایسا کچھ غلط ہوتا ہوا دیکھیں تو بالکل یہی کریں اور آگاہی پھیلائیں۔'

ویڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ انوشکا گاڑی میں سوار شخص سے سخت لہجے میں کہہ رہی ہیں، 'آپ سڑک پر کچرا کیوں پھینک رہے ہیں؟'

جب اس شخص نے کوئی جواب نہیں دیا تو انوشکا نے مزید کہا، 'سڑک پر کچرہ مت پھینکیں، برائے مہربانی احتیاط کریں، ڈسٹ بن استعمال کریں۔' 

ویرات کے ویڈیو پوسٹ کرنے کی دیر تھی کہ وہ فوراً ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

کچھ لوگوں نے تو اسٹار جوڑی کے اس عمل کو سراہا جبکہ کچھ نے انوشکا کو اس بات پر تنقید کا نشانہ بنایا کہ انہیں تھوڑی نرمی سے بات کرنی چاہیے تھی، جبکہ ویرات پر بھی اس حوالے سے تنقید کی گئی کہ انہوں نے ویڈیو میں موجود شخص کی شناخت چھپانے کے لیے تصویر کو دھندلا کیوں نہیں کیا۔

دوسری جانب ارہان نے بھی ویرات کوہلی کی انسٹاگرام پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور انوشکا کی جانب سے بیچ سڑک پر ان سے اس طرح سے بات کرنے اور ویرات کوہلی کی جانب سے ویڈیو پوسٹ کرنے کے عمل کو 'کچرا ذہنی' کا ثبوت قرار دیا۔

صرف یہی نہیں ارہان کی والدہ بھی میدان میں آگئیں اور ویڈیو پوسٹ کرکے ان کے بیٹے کی جان خطرے میں ڈالنے پر انوشکا اور ویرات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا، 'ایک ماں کی حیثیت سے میں یہ کہنا چاہتی ہوں کہ آپ نے میرے بیٹے کی تصویر کو دھندلا نہ کرکے نہ صرف سوشل میڈیا پر اس کی بے عزتی کی بلکہ اسے خطرے میں بھی ڈال دیا اور وہ بھی ایسے کام کے لیے، جس کا کوئی ثبوت بھی نہیں ہے۔ میں صرف اپنے بیٹے کی حفاظت کے لیے تحفظات کا شکار ہوں۔'

واضح رہے کہ 2017 میں انوشکا شرما بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی ملک گیر صفائی مہم 'سُوَچھ بھارت اَبِھیان' کا حصہ بنی تھیں۔


مزید خبریں :