مہوش حیات فلم میں بینظیر بھٹو کا کردار نبھائیں گی؟

مہوش حیات فلم میں بینظیر بھٹو کا کردار نبھائیں گی—.فائل فوٹو

پاکستانی ڈراموں اور فلموں سے شہرت حاصل کرنے والی خوبرو اداکارہ مہوش حیات نے عندیہ دیا ہے کہ وہ سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار نبھانے جارہی ہیں۔

گزشتہ روز اداکارہ نے بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ بینظیر بھٹو کی سوانح حیات پڑھ رہی ہیں۔

اداکارہ نے تصویر کے ساتھ لکھا، 'آج محترمہ بینظیر بھٹو کی 65 ویں سالگرہ ہے، یہ وہ خاتون ہیں جنہوں نے پاکستان کی خواتین کو بااختیار بنایا، انہیں ان کے حقوق دلوائے اور معاشرے میں مساوات کو فروغ دیا'۔

مہوش نے مزید لکھا، ’ایک وقت تھا جب بینظیر بھٹو نے خواتین کے اندر یہ احساس جگایا کہ وہ کچھ بھی کرسکتی ہیں، انہوں نے امید دلائی کہ خواتین بھی ستاروں تک پہنچ سکتی ہیں‘۔


مہوش کے مطابق، 'وہ بہت شکرگزار ہیں کہ انہیں یہ موقع ملا کہ وہ بینظیر بھٹو کی زندگی کے ہر پہلو سے واقف ہوسکیں اور تصور کرسکیں کہ ان کی زندگی میں کس طرح کے اتار چڑھاؤ آئے‘۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ وہ ایک  بہترین رہنما اور  ایک مضبوط اور نفیس خاتون تھیں، جنہوں نے ایک مثال قائم کی اور وہ ان کی کہانی میں جلد جان ڈالیں گی۔ 

دوسری جانب سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور زرداری نے فلم کے حوالے سے کسی قسم کی اجازت دینے کی تردید کرتے ہوئے ٹوئٹ میں کہا کہ فلم کے لیے بینظیر کے بچوں یا خاندان کی جانب سے کسی قسم کی اجازت نہیں دی گئی لہذا یہ قطعی طور پر ناقابل قبول ہے جس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ 

واضح رہے کہ رواں برس کے آغاز میں اداکارہ نے فلموں اور فیشن کے حوالے  سے مشہور ایک ویب سائٹ کے انسٹاگرام پیج پر پوسٹ کی گئی تصویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی تھی، جس میں انہیں اور سابق وزیراعظم کو ایک ساتھ دکھاتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا گیا تھا کہ مہوش حیات، بینظیر بھٹو کی سوانح حیات پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کریں۔

جس پر مہوش نے تصویر کے کیپشن میں لکھا تھا، ’بینظیر بھٹو کا کردار ادا کرنا میرے لیے اعزاز ہوگا، ان کی شخصیت پوری دنیا کے لیے متاثر کن ہے، وہ میری ہیرو ہیں‘۔



مزید خبریں :