22 جون ، 2018
علی ظفر اور مایا علی کی فلم ’طیفا ان ٹربل‘ کے آئٹم سانگ کی میوزک ویڈیو لانچ کی شاندار تقریب منعقد کی گئی۔
علی ظفر کی پہلی پاکستانی فلم کے آئٹم نمبر کی ویڈیو لانچ تقریب میں فلم کی کاسٹ اور دیگر شوبز ستاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر علی ظفر نے کہا کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری میں اب بہت سی مثبت تبدیلیاں آرہی ہیں جب کہ اس فلم کو کامیا ب بنانے کے لئے جی توڑ محنت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیو نیٹ ورک کا پاکستانی فلم انڈسٹری کی بہتری کے لیے بہت تعاون رہا ہے اور جیو نیٹ ورک کا فلم طیفہ کے ساتھ تعلق خوش آئند ہے۔
فلم کا گانا ’میں آئٹم نمبر نہیں کروں گی‘ اس وقت سب کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے جس کے بول علی ظفر نے خود لکھے ہیں۔
گانے کی کوریوگرافی بالی وڈ کے کوریو گرافر فیروز خان نے کی ہے، جو کہ علی ظفر کے بہترین دوست ہیں۔
واضح رہے کہ یہ فلم علی ظفر کی ڈیبیو پاکستانی فلم ہے، اس سے قبل وہ بالی وڈ میں ’میرے برادر کی دلہن‘، ’لندن پیرس نیویارک‘ اور 'چشم بددور' جیسی فلموں میں کام کرچکے ہیں جب کہ ’طیفا ان ٹربل‘ اداکارہ مایا علی کی بھی ڈیبیو فلم ہوگی۔
فلم کی کاسٹ میں علی ظفر اور مایا علی کے علاوہ جاوید شیخ، فیصل قریشی، ٹام کولسٹن اور نیئر اعجاز شامل ہیں اور فلم 20 جولائی کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔