بالی وڈ اداکارہ سونالی بیندرے کینسر میں مبتلا

سونالی باندرے بالی وڈ کی 90 کی دہائی کی نامور اداکارہ ہیں—.فائل فوٹو

بالی وڈ اداکارہ سونالی بیندرے موذی مرض کینسر میں مبتلا ہوگئیں، جس کی اطلاع انہوں نے اپنے سوشل میڈیا  پیغام کے ذریعے دی۔

سونالی باندرے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی بیماری کے حوالے سے مداحوں کو آگاہ کیا اور اپنے چاہنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

اداکارہ نے لکھا، ’کبھی کبھار جب آپ کو بالکل بھی امید نہیں ہوتی تو زندگی آپ کو بال کی طرح گھما دیتی ہے، مجھے حال ہی میں کینسر کی تشخیص کی گئی جو سنگین مراحل پر ہے اور پھیل چکا ہے‘۔

انہوں نے بتایا کہ جسم میں اٹھنے والی درد کی لہروں کے بعد انہوں نے اپنا طبی ٹیسٹ کروایا، جس کے نتیجے میں انہیں موذی مرض کی تشخیص ہوئی، جس کے بارے میں انہوں نے سوچا بھی نہیں تھا۔


اداکارہ نے بتایا کہ اس مشکل وقت میں وہ اپنے دوستوں اور اہل خانہ کی شکرگزار ہیں جنہوں نے ان کو بہترین انداز میں سپورٹ کیا اور ان کا خیال رکھا ہے۔

سونالی بیندرے نے مزید لکھا کہ فوری طور پر اس مرض کا علاج کرانے کے علاوہ اور کوئی حل نہیں اور ڈاکٹروں کی ہدایات کے مطابق اس وقت وہ نیویارک میں زیر علاج ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا، ’میں کینسر جیسے مہلک مرض سے جنگ لڑنے کے لیے تیار ہوں جس کے لیے میرے پیاروں کی سپورٹ اور ان کی محبت نے مدد کی ہے اور میری ہمت کے پیچھے میرا خاندان اور دوست ہیں‘۔

واضح رہے کہ سونالی بیندرے بالی وڈ کی 90 کی دہائی کی نامور اداکارہ ہیں جنہوں نے متعدد کامیاب فلموں میں کام کیا ہے جن میں فلم ’سرفروش‘، ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘، ’ڈپلیکیٹ‘ اور ’دل جلے‘ شامل ہیں۔

مزید خبریں :