پاکستان
Time 04 جولائی ، 2018

نواز شریف لندن میں سیاسی پناہ لے چکے، زرداری کا دعویٰ

سندھ میں نیب کارکردگی کےلحاظ سےغیر مؤثر ہے، سابق صدر آصف علی زرداری

اسلام آباد: شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) آصف علی زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف لندن میں سیاسی پناہ لے چکے ہیں۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف تیز چلیں نہ چلیں، ووٹ میاں صاحب کا ہے اور ان کا ووٹ بینک مریم نواز کو منتقل ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں آصف علی زرداری نے کہا کہ انہیں چوہدری نثار سے نہیں، نواز شریف سے شکایت ہوگی۔

بلاول بھٹو زرداری کے بارے میں آصف زرداری نے کہا کہ وہ بلاول کو وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں تاہم بلاول اپوزیشن میں بیٹھ کر بھی سیکھیں گے۔

پی پی پی شریک چیئرمین نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے کبھی اتحاد کی بات نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں نیب کارکردگی کےلحاظ سےغیر مؤثر ہے، 30سال سے میرا احتساب کیا جارہاہے۔

آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ ذوالفقار مرزا اس قابل ہی نہیں کہ اس پر تبصرہ کروں۔

مزید خبریں :