Time 05 جولائی ، 2018
پاکستان

کراچی: سائٹ ایریا کی فوم فیکٹری میں لگی آگ بے قابو، 6 فائر فائٹرز زخمی


کراچی: سائٹ ایریا میں واقع فوم کی فیکٹری میں لگی آگ بے قابو ہوگئی جس پر قابو پاتے ہوئے 6 فائر فائٹرز زخمی ہوگئے۔

جیونیوز کےمطابق کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں ضیاء موڑ پر واقع فوم کی فیکٹری میں صبح کے اوقات میں آگ لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہےکہ آگ صبح 8 بجے لگی جس پر فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر قابو پالیا تھا تاہم آگ نے دوبارہ شدت پکڑ لی۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق فیکٹری میں فوم ہونے کی وجہ سے آگ نے شدت اختیار کرلی اور بے قابو ہوگئی، فائر بریگیڈ کے 10 فائر ٹینڈر، ایک واٹر باؤزر اور ایک اسنارکل آگ بجھانے میں مصروف ہے۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہےکہ آگ کو پہلے مرحلے میں فوم کی مدد سے محدود کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ برابر میں موجود فیکٹریوں کو آگ سے محفوظ رکھا جاسکے۔

فائر بریگیڈ حکام کو فیکٹری کے اندرونی احاطے میں جاکر آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا ہے، آگ پر قابو پانے کے دوران فیکٹری کا 50 فیصد حصہ زمین بوس ہوگیا جس سے 6 فائر فائٹرز زخمی بھی ہوگئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

فائر حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجہ فی الحال معلوم نہیں ہوسکی ہے اور جس وقت آگ لگی اس وقت ملازمین کے فیکٹری میں آنے کا وقت نہیں تھا اس لیے جانی نقصان نہیں ہوا۔

مزید خبریں :