08 جولائی ، 2018
ہرارے: پاکستان نے آسٹریلیا کو تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔
ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں کینگروز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے جس کے جواب میں قومی ٹیم نے ہدف فخر زمان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 19.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
فخر زمان نے 46 گیندوں پر شاندار 91 رنز بنائے جس میں 3 چھکے اور 12 چوکے بھی شامل ہیں، بہترین کارکردگی پر انہیں میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
گرین شرٹس کی جانب سے شعیب ملک نے 43، سرفراز احمد 28 اور آصف علی نے 11 رنز کی اننگز کھیلی۔
ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کرنے والے صاحبزادہ فرحان اور حسین طلعت کوئی اسکور نہ بنا سکے۔
یاد رہے کہ کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو فنچ الیون نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔
اوپننگ بلے باز آرکی شارٹ 76، کپتان ایرون فنچ 47 اور ٹریوس ہیڈ 19 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جب کہ 4 بلے باز ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے۔
فاسٹ بولر محمد عامر نے 33 رنز کے عوض 3، شاداب خان 2 جب کہ فہیم اشرف، حسن علی اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
گرین شرٹس کی جانب سے ناقص فیلڈنگ کا بھی مظاہرہ کیا گیا اور تین اہم کیچز چھوڑے گئے جس کا فائدہ کینگروز بلے بازوں نے بھرپور انداز سے اٹھایا۔
اوپننگ بلے باز ایرون فنچ اور آرکی شارٹ نے جارحانہ حکمت عملی اپنائی اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف زبردست اسٹروکس کھیلے اور دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ پر 95 رنز جوڑے اور اس دوران ایرون فنچ کا کیچ شعیب ملک اور آرکی شارٹ کا ایک کیچ آصف علی نے چھوڑا۔
ایرون فنچ 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 27 گیندوں پر 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں شاداب خان نے میدان بدر کیا۔
دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ٹجیت پر پاکستانی ٹیم کو مبارک باد دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم پُرامن اور کھیلوں سے محبت کرنے والی ہے۔