22 جولائی ، 2018
ممبئی: بالی وڈ کی خوبرو اداکارہ اور سابق مس ورلڈ ایشوریا رائے بچن 8 سال بعد اپنے شوہر و اداکار ابھیشیک بچن کے ساتھ سلور اسکرین پر جلوہ گر ہوں گی۔
بھارتی نیوز سائٹ پنک ولا کی رپورٹ کے مطابق ایشوریا اور ابھیشیک نے انوراگ کشپ کی فلم ’گلاب جامن‘ سائن کی ہے جس کے ہدایت کار سردیش میوارا ہوں گے۔
فی الحال فلم کی کہانی کے حوالے سے کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں تاہم ہدایت کار کی جانب سے فلم کی باقاعدہ مکمل ٹیم کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔
ایشوریا اور ابھیشیک 8 برس قبل فلم ’راون‘ میں جلوہ گر ہوئے تھے اور اب پرستار اپنی پسندیدہ جوڑی کو فلم ’گلاب جامن‘ میں دیکھ سکیں گے۔
واضح رہے کہ اس وقت اداکارہ اپنی آنے والی فلم ’فنے خان‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں جس میں وہ پاپ گلوکارہ کا کردار نبھا رہیں ہیں۔
فلم میں ایشوریا رائے کے ساتھ اداکار راجکمار راؤ اور انیل کپور بھی مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوں گے اور یہ فلم آئندہ ماہ 3 اگست کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔