23 جولائی ، 2018
ماضی کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر اور شتروگھن سنہا 29 سال بعد ایک ساتھ فلم ’یملہ، پگلا دیوانہ پھر سے‘ میں نظر آئیں گے۔
دھرمیندر اور شتروگھن سنہا ماضی میں کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں جس میں ’دوست‘، ’بلیک میل‘، ’تیسری آنکھ‘ اور 1989 میں ریلیز ہونے والی فلم ’شہزادے‘ شامل ہیں۔
دونوں اداکار اب 29 سال بعد فلم ’یملہ پگلا دیوانہ‘ سیریز کی تیسری فلم میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم میں سوناکشی سنہا اور ان کے والد شتروگھن سنہا کے گیت میں ایک ساتھ پرفارم کرنے کی خبریں زیرگردش تھیں لیکن اب فلم میں ان کے کردار کو بڑھا دیا گیا ہے اور وہ جج کے روپ میں نظر آئیں گے۔
دھرمیندر، سنی دیول اور بوبی دیول کی فلم ’یملہ پگلا دیوانہ پھر سے‘ میں سلمان خان بھی مختصر کردار میں جلوہ گر ہورہے ہیں۔
فلم کا ٹیزر بھی ریلیز کیا جاچکا ہے جسے مداحوں نے پسند کیا ہے اور فلم 31 اگست کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔