پاکستان
Time 25 جولائی ، 2018

کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس کے قریب دھماکا، 29 افراد شہید، متعدد زخمی

دھماکے کے متعدد زخمی اسپتال منتقل کردیئے گئے: فوٹو/ رائٹرز

کوئٹہ: مشرقی بائی پاس پر دھماکے کے نتیجے میں6 پولیس اہلکاروں سمیت 29 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

جیونیوز کے مطابق کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس کے قریب تعمیر نو کمپلیکس میں پولنگ کا عمل جاری تھا کہ اس دوران زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔

ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے بتایا کہ پولیس علاقے میں پولنگ کے دوران معمول کی پیٹرولنگ کررہی تھی کہ اس دوران موبائل کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 29 زخمی دم توڑ گئے جن میں 6 پولیس اہلکار اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔

دھماکے کے بعد سول اسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جب اسپتال لائے گئے زخمیوں میں بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ  متعلقہ پولنگ اسٹیشن میں پولنگ روک دی گئی جو کچھ دیر بعد دوبارہ شروع کردی گئی۔

خودکش حملے میں شہید ہونے والے 6 پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ پولیس لائن کوئٹہ میں ادا کی گئی جس میں چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس محسن حسن، آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم انجم، ایڈیشنل آئی جی، ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ سمیت دیگر پولیس حکام نے شرکت کی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکا خودکش حملہ لگتا ہے تاہم اس حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

مزید خبریں :