پاکستان
Time 25 جولائی ، 2018

ایم کیو ایم اور پی ایس پی کے الیکشن نتائج پر تحفظات


متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے عام انتخابات میں پری پول دھاندلی کا الزام عائد کردیا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ بندیوں میں پری پول دھاندلی کی گئی۔

فیصل سبزواری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا عملہ ہمیں کہہ رہا ہے کہ ہم تصدیق شدہ نتیجہ نہیں دے سکتے، این اے 249 صلاح الدین اسکول پولنگ اسٹیشن 89 سے ہمارے پولنگ ایجنٹ کو نکال دیاگیا۔

انہوں نے کہا کہ گلزار ہجری میٹروول میں ایک پولنگ اسٹیشن سے ہمارے پولنگ ایجنٹ کو نکال دیا گیا، الیکشن کمیشن عملے نے نتیجہ نہ دیا توہم مظاہرہ کریں گے۔

فیصل سبزواری نے کہا کہ سب کچھ کے باوجود ایم کیو ایم کا ووٹر باہر نکلا، شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری تھی ، این اے239 میں ایم کیوایم کے پولنگ ایجنٹ کو پولنگ اسٹیشن سے باہر نکال دیا گیا، ضلع وسطی میں شہریوں کے ووٹ ٹرانسفر کئے گئے۔

آج کراچی اور حیدرآباد میں جو ہوا اس پر تحفظات ہیں،رضا ہارون

پاک سرزمین پارٹی کے رہنما رضا ہارون کا کہنا ہے کہ آج کراچی اور حیدر آباد میں جو ہوا، اس پر تحفظات ہیں اور ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رضا ہارون کا کہنا تھا کہ کسی بھی پولنگ اسٹیشن پرتصدیق شدہ رزلٹ کی کاپی نہیں مل رہی اور پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس پی کے پولنگ ایجنٹس پر بار بار اعتراضات کئے گئے، ایجنٹس کو باہر نکال دیاگیا اور پھر اندر نہیں جانے دیا گیا جبکہ نتائج حاصل کرنا پولنگ ایجنٹ کا حق ہوتا ہے لیکن انہیں کہا جارہا ہے کہ نتائج ریٹرننگ افسران سے لے لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کراچی اور حیدر اآباد میں جو ہوا اس پر تحفظات ہیں اور جو ہو رہا ہے ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا۔

مزید خبریں :