26 جولائی ، 2018
اسلام آباد: سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا ہےکہ ملک میں انتخابات پر امن اور شفاف ہوئے جب کہ نتائج کے لیے جو سسٹم نہیں چلا اسے تسلیم کرنے میں کوئی عار نہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نےبتایا کہ ملک بھر میں انتخابات پر امن ہوئے اور الیکشن میں سارا دن دھاندلی کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی جب کہ ایک خاتون کے ٹھپے لگانے کی جو ویڈیو چل رہی ہے وہ گزشتہ انتخابات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں نتائج کے اعلان میں وقت لگتا ہے، ہم نے دنیا کے پانچویں بڑے الیکشن کے نتائج 24 گھنٹےمیں دیئے، نتائج کے اعلان سے پہلے اسے اچھی طرح چیک کرنا ہوتا ہے، ٹرانسمیشن سسٹم نے بہتر طریقے سے کام نہیں کیا ہم اس کا تدارک کریں گے، جو سسٹم نہیں چلا اسے تسلیم کرنے میں کوئی عار نہیں۔
بابر یعقوب کا کہنا تھاکہ الیکشن شفاف ہوا ہے اور جہاں فارم 45 غائب ہوا ہے وہ فراہم کریں گے جب کہ ووٹنگ ٹرن آؤٹ بھی اچھا رہا اور میرے ذاتی تجزیئے کے مطابق ٹرن آؤٹ 55 فیصد رہا۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ انتخابات کے 82 فیصد نتائج آچکے ہیں اور 90 فیصد سے زیادہ آر اوز نے اعلان کردیئے ہیں، قومی اسمبلی کی 120 نشستوں کے نتائج مل چکے ہیں اور صوبائی اسمبلیوں کے 265 نتائج موصول ہوچکے ہیں۔