30 جولائی ، 2018
کراچی میں ایک غیر ملکی ایئر لائن 50 عازمین حج کو جہاز سے آف لوڈ کر کے حجاز مقدس کے لیے روانہ ہو گئی۔
کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سعودی ایئر لائن کے حکام نے 50 عازمین حج کو جہاز سے آف لوڈ کیا اور انہیں چھوڑ کر سعودی عرب کے لیے روانہ ہو گئی۔
ایئر لائن حکام کی جانب سے مسافروں کو بتایا گیا کہ جہاز میں گنجائش کم ہونے کی وجہ سے تمام عازمین حج روانہ نہ ہو سکتے۔
متاثرہ مسافروں کی جانب سے ایئر پورٹ پر احتجاج کیا گیا اور واپس جانے سے انکار کیا گیا، تمام عازمین حج نے فوری طور پر سعودی عرب بھجوانے کا مطالبہ کیا ہے۔
سعودی ایئرلائن کے حکام کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر رہ جانے والے مسافروں کو رات کی شیڈول فلائٹ سے روانہ کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب ایئرپورٹ ذرائع کا بتانا ہے کہ اگر مسافروں کو رات کی شیڈول فلائٹ کے ذریعے سعودی عرب بھیجا گیا تو پھر اُس پرواز کے مسافروں کو آف لوڈ کرنا پڑے گا۔
اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ہم تمام تر صورت حال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور عازمین کو جدہ روانہ کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔