پاکستان

عمران خان کا 5 نشستوں میں سے میانوالی کی نشست رکھنے کا فیصلہ

عمران خان لاہور، اسلام آباد، بنوں اور کراچی کی نشستیں چھوڑ دیں گے، ذرائع۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے میانوالی کی نشست رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد انہیں قومی اسمبلی کی 4 نشستیں چھوڑنا ہوں گی۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی 5 نشستوں پر کامیاب ہوئے تھے تاہم اب انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ این اے 95 میانوالی کی نشست اپنے پاس رکھیں گے اور دیگر 4 نشستیں چھوڑ دیں گے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان اسلام آباد کے حلقہ این اے 53، لاہور کے حلقہ این اے 131، بنوں کے حلقہ این اے 35 اور کراچی کی نشست این اے 243 سے کامیاب ہوئے تھے۔

عمران خان نے اسلام آباد میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، لاہور میں سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، بنوں میں جے یو آئی (ف) کے اکرم درانی اور کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رضا علی عابدی کو شکست دی تھی۔

یاد رہے کہ عمران خان نے انتخابات سے قبل میانوالی کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ میانوالی کے عوام کی وجہ سے پہلی مرتبہ قومی اسمبلی کے ممبر بنے اس لیے کامیابی کی صورت میں میانوالی کی نشست اپنے پاس رکھیں گے۔

مزید خبریں :