02 اگست ، 2018
اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف اور متوقع وزیراعظم عمران خان نے وزارت عظمیٰ کے لیے تقریب حلف برداری سادگی سے کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان نے حلف برداری کی تقریب نہایت سادگی سے کرنے کی ہدایت کی ہے جس میں بیرونی شخصیات کو مدعو نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ تقریب حلف برداری مکمل طور پر قومی تقریب ہوگی جس میں کسی قسم کے تعیش یا تکلف کا اظہار نہیں کیا جائے گا اور عمران خان ایوان صدر میں وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے۔
اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق کا کہنا تھا کہ عمران خان عوام کے سامنے حلف اٹھانے کے خواہشمند ہیں جس کے لیے ڈی چوک یا پریڈ گراونڈ کا مقام زیرغور ہے۔
پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں ان کے چند دوستوں کو بیرون ملک سے مدعو کیا جائے گا اور دوستوں کے علاوہ کسی بیرونی شخصیت کو دعوت نہیں دی جائے گی۔