03 اگست ، 2018
منی لانڈرنگ کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی تحقیقاتی ٹیم نے شواہد جمع کرکے جے آئی ٹی کے حوالے کردیئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں جے آئی ٹی کو تحقیقاتی ٹیم نے شواہد پیش کردیئے، 35 ارب روپے میں سے 23 ارب روپے کی منی ٹریل حاصل کر لی گئی۔
منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کرنے والی ٹیم آج اسلام آباد میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کا تحقیقات کے لیے انتظار کرےگی جہاں انہیں طلب کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں کے پیش ہونے کی صورت میں جے آئی ٹی تحقیقات پر پوچھ گچھ کرے گی اور دونوں کے پیش نہ ہونے کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی، جے آئی ٹی کا اہم اجلاس بھی ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق منی لانڈرنگ کے مزید مقدمات کا اندراج فی الحال روک دیا گیا ہے، مقدمات سپریم کورٹ میں 6 اگست کی سماعت کے بعد درج کیے جائیں گے۔
فی الحال مقدمات انھی ملزمان پر درج ہوں گے جن پر پہلا مقدمہ درج ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک کی تحقیقات میں ایف آئی اے کو کچھ مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے اور ایف آئی اے حکام پاناما طرز پر جے آئی ٹی بنانے کی درخواست کرسکتے ہیں۔