کھیل
Time 04 اگست ، 2018

زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ: شاہد آفریدی کا کرس گیل کو چیلنج

ایک دن ہم دونوں سنگل وکٹ کھیلیں گے اور پھر دیکھیں گے کہ کون زیادہ چھکے لگاتا ہے، شاہد آفریدی  — فوٹو: فائل 

ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلے باز کرس گیل نے شاہد آفریدی کا سب سے زیادہ 476 چھکے لگانے کا ریکارڈ برابر کردیا ہے جس کے بعد سوشل میڈیا پر بوم بوم نے گیل کو چیلنج کیا ہے۔

 کرس گیل نے بنگلہ دیش کے خلاف ایک روز میچز کی سیریز میں سابق کپتان شاہد آفریدی کا سب سےزیادہ 476 چھکوں کا ریکارڈ برابر کیا ہے۔

ریکارڈ برابر کرنے کے بعد کرس گیل کا کہنا تھا کہ شاہد اور میرا زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ برابر ہوگیا ہے اور اب اس کے بعد میں مزید کوئی چھکا نہیں لگاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہم زیادہ چھکے لگانے والے، انٹرٹینر ہیں اور آفریدی کے ساتھ بڑے ریکارڈ میں شریک ہونا بہت اچھا ہے لہٰذا بوم بوم کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیوں کہ ریکارڈ محفوظ ہے۔

اس کے جواب میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میں اس ریکارڈ کے ٹوٹنے پر پریشان نہیں ہوں کیوں کہ دنیا کے بہترین کھلاڑی نے ریکارڈ برابر کیا ہے جو کہ اس کا بہترین حقدار ہے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ ایک دن ہم دونوں سنگل وکٹ کھیلیں گے اور پھر دیکھیں گے کہ کون زیادہ چھکے لگاتا ہے اور اس گیم کا اصول یہ ہوگا کہ اس میں کوئی آؤٹ نہیں ہوگا۔ 

ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلے باز نے شاہد آفریدی کے چیلنج کا کوئی جواب نہیں دیا ہے لیکن ان کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا ہے۔

مزید خبریں :