Time 08 اگست ، 2018
پاکستان

لاہور میں گندگی سے کوفتے تیار کرنے والی فیکٹری سیل

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور میں بھوگیوال کوارٹرز کے قریب انتہائی گندگی میں ناقص خام مال سےکوفتے تیار کرنے والی فیکٹری سیل کر دی۔

ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق فیکٹری مالکان سے محکمہ صحت کا لائسنس اور ورکرز کے میڈیکل سرٹیفیکیٹ طلب کیے گئے جو ان کے پاس موجود نہیں تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ کارخانے میں جگہ جگہ غلاظت سے بھرے کھلے کوڑا دان فرش پر پڑے پائے گئے جبکہ کوفتوں کی تیاری کے لیے گوشت کے ساتھ انتہائی گندے برتن اور استعمال شدہ بدبودار تیل کا استعمال کیا جا رہا تھا۔

ترجمان نے کہا کہ اس کوفتہ فیکٹری سے شہر کے معروف ناشتہ، چنا پوائنٹس اور دیگر ریسٹورنٹس خریداری کرتے تھے۔

ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ کارخانے سے سپلائی کے لیے 4ہزار تیار ناقص کوفتے اور بھاری مقدار میں خام مال برآمد کر لیا گیا۔

دوسری جانب چوکے والی پلی کھاڑک نالہ پر ایک نقلی اور مضر صحت کیچپ بنانے والے یونٹ کو بھی سیل کر دیا گیا ۔

ترجمان کے مطابق تقلی ہونا اس طرح ثابت ہوتا کہ کہ کیچپ تیار کرنے کے کارخانے میں ٹماٹر ہی موجود نہیں تھے اور اس کو مبینہ کیمیکل سے تیار کیا جارہا تھا، ساتھ ہی اس جگہ ماؤنیز تیار کرنے کے لیے ضروری اشیاء جیسے انڈہ وغیرہ جیسی کوئی چیز سرے سے ہی نہ پائی گئی۔

چھاپے کے دوران 900 کلو تیار کیچپ، 360 کلو ماوئنیز، بھاری مقدار میں مضر صحت کیمیکل اور دوسرا خام مال برآمد کرکے تلف کر دیا گیا۔

ترجمان کے مطابق کیچپ اور ماوئنیز کی تیاری کیمکلز اور فلیورز سے کی جا رہی تھی، ساتھ ہی فیکٹری میں کیڑے مکوڑوں کی بھرمار تھی۔ 

مزید خبریں :