Time 11 اگست ، 2018
دنیا

بھارت میں ایک بندر کی گھر میں گھس کر بچہ 'چرانے' کی کوشش


اگر آپ کو لگتا ہے کہ چوری صرف انسان کرسکتے ہیں تو آپ غلط ہیں کیونکہ اب جانور بھی یہ کام کرنے لگے ہیں، ایسا ہی ایک واقعہ بھارتی ریاست کرناٹک کے ایک گاؤں میں پیش آیا، جہاں ایک بندر نے ایک معصوم بچے کو 'چرانے' کی کوشش کی۔

مرر کی ایک رپورٹ کے مطابق ریاست کرناٹک کے ایک گاؤں میں ایک بندر بھاگتے بھاگتے ایک گھر میں گھس آیا اور ایک چھوٹے بچے کو اٹھالیا، یہ منظر دیکھ کر بچے کی والدہ اور دیگر اہلخانہ پریشان ہوگئے۔

بچے کو  بندر سے چھڑوانے کے لیے گھر والوں نے بہت کوشش کی لیکن اُس نے بچے کو زمین پر لٹا دیا اور اس کو مضبوطی سے پکڑا رہا۔

بچے کو بچانے کے لیے جب لوگ آگے بڑھتے تو بندر ان پر حملہ کرتا، یہاں تک کہ بچے کو بچانے کی کوشش کرنے پر بندر نے اس کی والدہ کا دوپٹہ بھی کتر ڈالا۔

لوگوں نے سوچا کہ بندر شاید بھوکا ہے، یہی وجہ ہے کہ اس کے لیے کھانے پینے کی اشیاء بھی پیش کی گئیں، لیکن وہ تب بھی ٹس سے مس نہ ہوا۔

اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بندر سے بچے کو چھڑوانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے لیکن وہ بچے کو پکڑے بضد ہے۔

بعد ازاں ایک شخص نے بندر کا دھیان بٹایا تاکہ وہ بچے کو چھوڑ دے اور جیسے ہی بندر پیچھے مڑا بچے کو زمین سے اٹھا لیا گیا۔

 دوسری جانب اس پورے عرصے میں بچہ اپنی ہی دنیا میں مگن کبھی مسکراتا اور کبھی روتا رہا۔



مزید خبریں :