Time 11 اگست ، 2018
پاکستان

تحریک انصاف کا ‘چائے والا‘ ایم این اے گل ظفر کروڑ پتی نکلا


پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی بننے والا ’چائے والا‘ گل ظفر خان کروڑ پتی نکلا۔

گل ظفر خان کی سوشل میڈیا پر چائے بناتے ہوئے ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس سے یہ تاثر عام ہوا تھا کہ پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی بننے والا ظفر علی خان ایک چائے والا ہے۔

جیونیوز کے مطابق باجوڑ سے منتخب ہونے والے گل ظفر خان دراصل ایک کروڑ پتی شخصیت ہیں جنہوں نے الیکشن کمیشن میں 3 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثے ظاہر کیے ہیں۔

گل ظفر کی جانب سے جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق ان کے اثاثوں میں ایک کروڑ روپے کی غیر منقولہ جائیداد شامل ہے جب کہ ان کے پاس ایک کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کے 2 گھر اور زرعی زمین بھی ہے۔

گل ظفر خان ایک نام کسٹم پیڈ گاڑی، 10 تولہ سونے کے مالک ہیں جب کہ ان کے بینک اکاؤنٹ میں 20 لاکھ روپے ہیں اور 10 مالک روپے مالیت کا گھریلو سامان ہے۔

نومنتخب رکن قومی اسمبلی ظفر خان گارمنٹس کے کاروبار سے وابستہ ہیں اور ان کے کل اثاثوں کی مالیت 3 کروڑ 14 لاکھ 80 ہزار روپے ہے جب کہ ان کے اثاثوں میں ایک سال کے دوران 14 لاکھ 80 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

نمائندہ جیونیوز کے مطابق گل ظفر علی خان کی چائے بنانے کی ویڈیو ان کے الیکشن جیتنے کے بعد کی ہے۔

گل ظفر خان کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی دستاویزات


مزید خبریں :