12 اگست ، 2018
لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں جناح اسپتال کے گائنی وارڈ سے ایک نامعلوم خاتون نوزائیدہ بچہ اغوا کرکے فرار ہوگئی۔
پولیس کے مطابق طیبہ بخاری نامی خاتون کے ہاں دو روز قبل جناح اسپتال کے گائنی وارڈ میں بچے کی پیدائش ہوئی، جہاں سے ایک نقاب پوش خاتون رات کے وقت بچہ اغوا کرکے لےگئی۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی ویڈیو کی مدد سے بچے کو لے جانے والی خاتون کی تلاش جاری ہے۔
اغوا کا مقدمہ تھانہ گارڈن ٹاؤن میں بچے کے والد نعیم الرحمان کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔
دوسری جانب بچے کے رشتے داروں کی جانب سے جناح اسپتال انتظامیہ کے خلاف احتجاج بھی کیا گیا۔